Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب اور انڈیا کے مضبوط تعلقات دنیا کے مفاد میں ہیں: انڈین وزیرخارجہ

انڈین وزیرخارجہ نے کہا ’سعودی عرب اور انڈیا کو مشترکہ اقدامات اور سرمایہ کاری سمیت مربوط پالیسیاں بنانے کی ضرورت ہے۔‘ (فوٹو: سعودی وزارت خارجہ)
سعودی عرب کے سرکاری دورے پر آئے ہوئے انڈیا کے وزیرخارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے کہا ہے کہ انڈیا اور سعودی عرب کے تعلقات میں عالمی تناظر کو سامنے رکھتے ہوئے پیش رفت ہو رہی ہے۔
وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے عرب نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ’ایک ایسی دنیا میں جس نے کورونا وبا کا سامنا کیا اور جسے یوکرین جیسے تنازعات اور موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز درپیش ہیں، وہاں ہمارے تعلقات استحکام کی جانب اہم پیش رفت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’یہ(تعلقات) ہمارے لیے، اس خطے اور دنیا بھر کے لیے بہتر ہوں گے۔‘
ایس جے شنکر نے مزید کہا کہ ’دونوں ممالک کا مقصد ایسی راہوں کی تلاش ہے جو ہمیں جلد از جلد اپنے باہمی تعاون کو بڑھانے میں مدد دیں۔ اسے کے لیے مشترکہ اقدامات اور سرمایہ کاری سمیت مربوط پالیسیاں بنانے کی ضرورت ہے۔‘
ڈاکٹر ایس جے شنکر نے سعودی عرب اور انڈیا کے مضبوط تعلقات کا کریڈٹ ’انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان‘ کے وژن کو دیا۔
یاد رہے کہ انڈیا کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر کی پیر کو سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات ہوئی تھی جس میں انہوں نے ولی عہد کو وزیراعظم نریندر مودی کا خط بھی پہنچایا تھا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب اور انڈیا کے درمیان تاریخی طور پر مستحکم تعلقات قائم ہیں اور انڈین شہریوں کی بہت بڑی تعداد سعودی عرب میں کام کرتی ہے جو انڈیا کا زرمبادلہ کا بہت بڑا ذریعہ بھی ہے۔
کورونا وبا سے قبل 2019 میں انڈیا سے لگ بھگ 2 لاکھ افراد نے فریضۂ حج ادا کرنے کے لیے سعودی عرب کا سفر کیا تھا۔
علاوہ ازیں سعودی عرب کا شمار انڈیا کو ایندھن فراہم کرنے والے تین بڑے ممالک میں ہوتا رہا ہے اور یہ دونوں ممالک جی20کے بین الحکومتی فورم کے ساتھ ساتھ غیر وابستہ ممالک کی تنظیم کے بھی رکن ہیں۔
حالیہ برسوں میں سعودی عرب اور انڈیا کے درمیان کئی اور شعبوں میں بھی تعلقات میں وسعت آئی ہے۔ ان شعبوں میں سکیورٹی، تجارت، سرمایہ کاری، صحت، فوڈ سکیورٹی، ثقافت اور دفاع شامل ہیں۔ ان دونوں ممالک کے درمیان کورونا وبا کے دوران قریبی روابط قائم رہے ہیں۔
انڈیا کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا کہ’ انڈیا ایک بہت بڑی معیشت ہے اور ہماری توجہ اس کی معاشی ترقی اور وہاں کی ایک ارب 30 کروڑ سے زائد آبادی کی بہبود ہے۔ یہ سعودی عرب کے لیے عظیم موقع ہے کہ وہ انڈیا میں سرمایہ کاری کرے جس سے دونوں ممالک کو فائدہ پہنچے۔‘
 
انہوں نے کہا کہ ’ عالمی معیشت کی صورت گری میں سعودی عرب اور انڈیا کا شمار اہم ممالک میں ہوتا ہے۔ یہ دونوں ممالک مستحکم معاشی شراکت دار ہیں اور ان کے درمیان اپریل 2021 سے مارچ 2022 تک تجارت کا حجم لگ بھگ 42.86 ملین ڈالر رہا ہے۔‘
’توانائی کا شعبہ ہمارے عشروں سے قائم تعلقات میں ایک ستون کی حیثیت رکھتا ہے۔ ہم نہ صرف اس شعبے میں مزید آگے بڑھیں گے بلکہ گرین ہائیڈروجن سمیت توانائی کے قابلِ تجدید ذرائع کے حوالے سے بھی مشترکہ کاوشوں میں تیزی لائیں گے۔‘
 

شیئر: