Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حرمین ریلوے 8 ماہ بعد شروع ہو گی ، 10 فیصد کام باقی رہ گیا ، پروجیکٹ ڈائریکٹر

  جدہ..... حرمین ریلوے پروجیکٹ کے ڈائریکٹر انجینیئر محمد عبدالرحمان فلاتہ نے کہا ہے کہ 8 ماہ بعد جدہ ، مدینہ منورہ ریل سروس شروع کر دی جائے گی ۔ عکاظ اخبار کے مطابق ریلوے پروجیکٹ اپنی تکمیل کے آخری مراحل میں ہے شاہ عبداللہ اکنامک سٹی کا اسٹیشن مکمل ہو چکا ہے جہاں ٹکٹ خریدنے کےلئے خودکار مشینوں کی تنصیب کا کام جاری ہے ۔ انتظامیہ کی جانب سے تجرباتی سروس بھی شروع کی گئی جس کا مظاہر ہ جمعرات کو کیا گیا ۔ ریل میں انٹرنیٹ اور ڈائننگ کار کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے ۔ عام دنوں میں جدہ ، مدینہ منورہ ریل میں 13 ڈبے ہونگے جن میں سے5 فرسٹ اور 8 سیکنڈ کلاس کے ہیں جن میں 417 مسافروں کی گنجائش ہے ۔ ماہ رمضان اور حج سیزن میں ریل کے ڈبوں میں اضافہ کیا جاسکتا ہے جس کے بعد مسافروں کی تعداد 834 تک ہو جائیگی ۔ حرمین ریلوے کے دوسرے مرحلے کے ڈائریکٹر فلاتہ نے مزید کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے سعودی نوجوانوں کو اسپین میں فنی تربیت فراہم کی گئی ہے ۔ آئندہ منصوبے کے تحت ریلوے ٹیکنکل کالج بھی قائم کئے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ سعودی نوجوان اس میدان میں فنی مہارت حاصل کر سکیں۔ ریلوے ٹریک کے حوالے سے فلاتہ نے بتایا کہ 90 فیصد ٹریک بچھائی جا چکی ہے جبکہ 10 فیصد مکہ مکرمہ اسٹیشن اور جدہ میں قویزہ کے علاقے کا کام باقی ہے جو جلد ہی مکمل کر لیا جائیگا۔ ریلوے اسٹیشنوں میں بجلی کی فراہمی کے تمام مراحل مکمل ہو چکے ہیں ۔ 6 اسٹیشنوں کی تعمیر پر 2 ارب ریال لاگت آئی ہے ۔ دوسری جانب ریلوے منصوبے کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل انجینیئر بدر الصبان نے بتایا کہ حرمین ریلوے میں سب سے بڑا اسٹیشن جدہ کا ہے جس کا رقبہ 9 لاکھ مربع میٹر ہے جبکہ سب سے چھوٹا اسٹیشن رابغ کا بنایا گیا ہے ۔ واضح رہے ریلوے سروس سے سب سے زیادہ فائدہ عازمین حج ا ور معتمرین کو ہوگا جہاں انکا وقت بچے گا وہاں ٹریفک حادثات سے بھی محفوظ رہیں گے ۔ ریلوے منصوبہ کی تکمیل کا سب کو انتظار ہے تاہم نئے تعمیر ہونے والے ایئر پور ٹ کی وجہ سے تاخیر کا سامنا ہے ۔ نئے ایئرپورٹ پر ریلوے اسٹیشن تعمیر ہو گا جہاں سے عازمین حج کو براہ راست مکہ مکرمہ اور مدینہ منور ہ لے جایا جائیگا ۔ 

شیئر: