اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ اجلاس نے اتفاق کیا کہ جدیدٹیکنالوجی اور سائبرسپیس کے موجودہ تبدیل شدہ ماحول کے تناظر اور تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے سکیورٹی، سیفٹی اور سرکاری کمیونیکیشنز کے محفوظ ہونے کو یقینی بنانے کا جائزہ لیا جائے تاکہ سکیورٹی نظام میں کوئی رخنہ اندازی نہ ڈال سکے۔
حساس اداروں کے سربراہان نے اجلاس کو وزیراعظم ہاﺅس سمیت دیگر اہم مقامات کی سکیورٹی، سائبرسپیس اور اس سے متعلقہ دیگر پہلوﺅں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ سوشل میڈیا پر زیرگردش آڈیوز کے معاملے پر تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ وزیراعظم ہاﺅس کی سکیورٹی سے متعلق بعض پہلووں کی نشاندہی کی گئی اور ان کے تدارک کے لیے فول پروف انتظامات کے بارے میں بتایا گیا۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ وزیراعظم ہاﺅس سمیت دیگر اہم مقامات، عمارات اور وزارتوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جارہے ہیں تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کی کسی صورتحال سے بچا جاسکے۔
وزارت خارجہ کے سیکریٹری سہیل محمود نے وزیراعظم کے ازبکستان میں حالیہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس۔سی۔او) کے سربراہی اجلاس اور نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس میں شرکت کے حوالے سے اجلاس کو بریفنگ دی۔
انہوں نے مختلف ممالک کے سربراہان سے وزیراعظم کی ہونے والی ملاقاتوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اجلاس نے ملک میں تاریخی تباہ کن سیلاب، متاثرین کے لیے ریسکیو، ریلیف کے اقدامات اور سلامتی کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا ۔
اجلاس نے 14 جون 2022 سے ملک بھر میں سیلاب سے ہونے والی اموات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا اور فاتحہ خوانی کی۔ اجلاس نے 3 کروڑ30 لاکھ سے زائد سیلاب متاثرین کی فوری امداد، محفوظ مقامات پر منتقلی، خوراک، علاج معالجے اورضروری اشیا کی فراہمی کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے منگل کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس میں کہا تھا کہ’آڈیو لیکس بہت اہم معاملہ ہے، اس کا میں نوٹس لے رہا ہوں۔‘
’میں ایک اعلٰی اختیاراتی کمیٹی تشکیل دے رہا ہوں جو اس معاملے کا تفصیلی جائزہ لے گی۔‘
شہباز شریف نے نے آڈیو لیکس کو سکیورٹی لیپس قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس کے بعد باہر سے پاکستان کے وزیراعظم سے ملنے کون آئے گا؟
’یہ میری بات نہیں پاکستان کی عزت کی بات ہے۔ اس طرح کا سکیورٹی لیپس بہت بڑا سوالیہ نشان ہیں۔‘