کرکٹ ویب سائٹ ای ایس پی این کرک انفو نے کرکٹرز کے سالانہ ایوارڈز 2025 کا اعلان کر دیا ہے۔
ای ایس پی این کرک انفو ایوارڈز میں گزشتہ سال کے دوران کرکٹ میں بیٹنگ اور بولنگ کی بہترین انفرادی کارکردگی کو تسلیم کیا گیا ہے اور ان میں ویمن اور مینز کرکٹ کی مختلف کیٹگریز میں کوئی ایک بھی پاکستانی کھلاڑی اپنی جگہ نہیں بنا پایا ہے۔
مزید پڑھیں
-
ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے یاد گار لمحات کون سے تھے؟Node ID: 901596
-
ٹی20 ورلڈ کپ جیتنے والی انڈین ٹیم کے لیے 131 کروڑ روپے کا انعامNode ID: 901622
-
سرجری کے بجائے کرکٹ پر رحم فرمائیں، اجمل جامی کا کالمNode ID: 901690
ای ایس پی این کرک انفو ایوارڈز 2025 میں انفرادی کارکردگی کے حوالے سے خواتین کے تمام بڑے اعزازات انڈین کھلاڑیوں نے اپنے نام کیے، جو اس سال ٹیم کی پہلی ورلڈ کپ جیت کی بھرپور عکاسی کرتے ہیں۔
جمیما روڈریگز نے خواتین ون ڈے بیٹنگ کا ایوارڈ اپنی شاندار سنچری کی بدولت جیتا، جو انہوں نے ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کے خلاف بنائی تھی۔ شدید تکلیف کے باوجود ان کی وہ اننگز آسٹریلیا کو ٹورنامنٹ سے باہر کرنے میں فیصلہ کن ثابت ہوئی۔
دیپتی شرما نے جنوبی افریقہ کے خلاف فائنل میں میچ کا رخ بدل دینے والی پانچ وکٹوں کی کارکردگی کے باعث ون ڈے بولنگ ایوارڈ حاصل کیا۔
ہرمَن پریت کور نے بطور کپتان ورلڈ کپ جیتنے، انگلینڈ میں ون ڈے اور ٹی20 سیریز جیتنے اور ممبئی انڈینز کے ساتھ دوسرا ویمنز پریمیئر لیگ ٹائٹل اپنے نام کرنے پر کیپٹن آف دی ایئر کا اعزاز حاصل کیا۔ دہلی کیپیٹلز کے خلاف ڈبلیو پی ایل فائنل میں ان کی فیصلہ کن 66 رنز کی اننگز کی بدولت وہ خواتین ٹی20 لیگز بیٹنگ ایوارڈ بھی جیتنے میں کامیاب ہوئیں۔

جنوبی افریقہ ویمنز کو ایک اور ورلڈ کپ فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، تاہم مردوں کی ٹیم نے لارڈز میں فائنل میں آسٹریلیا کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ جیت لی۔ جیوری نے بھی انہیں سراہا۔ ایڈن مارکرم نے اسی فائنل کی چوتھی اننگز میں یادگار سنچری کے باعث ٹیسٹ بیٹنگ ایوارڈ حاصل کیا، جبکہ ٹیمبا باووما، جنہوں نے ہیمسٹرنگ انجری کے باوجود اس ہدف کے تعاقب میں اہم 66 رنز بنائے، کو سال کے بہترین کپتان کا اعزاز دیا گیا۔ ان کی قیادت میں جنوبی افریقہ نے انڈیا کو ہوم گراؤنڈ میں ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ کیا اور آسٹریلیا و انگلینڈ میں ون ڈے سیریز بھی جیتیں۔

فاسٹ بولر مارکو یانسن، جو انڈیا میں جنوبی افریقہ کی 2-0 فتح کے معماروں میں شامل تھے، ٹیسٹ بولنگ ایوارڈ کے قریب پہنچ کر بھی مچل سٹارک سے پیچھے رہ گئے، جنہوں نے پرتھ میں ایشز کے پہلے دن انگلینڈ کے خلاف 7 وکٹیں لے کر بہترین کارکردگی دکھائی۔

ایک اور سات وکٹوں کی کارکردگی نے مردوں کی ٹی20 لیگز بولنگ ایوارڈ کا فیصلہ کیا، تسکین احمد نے بی پی ایل میں ڈھاکا کیپیٹل کے خلاف دربار راجشاہی کی جانب سے 7 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کیٹیگری کا بیٹنگ ایوارڈ ہوبارٹ ہریکینز کے اوپنر مچل اوون کے نام رہا، جن کی سڈنی تھنڈر کے خلاف 39 گیندوں پر سنچری نے نہ صرف ٹورنامنٹ کے تیز ترین سنچری کے ریکارڈ کی برابری کی بلکہ اپنی ٹیم کو پہلا بی بی ایل ٹائٹل بھی جتوایا۔
خواتین ٹی ٹوئنٹی لیگز بولنگ ایوارڈ یوپی واریئرز کی 21 سالہ فاسٹ بولر کرانتی گاؤڈ کے نام رہا جنہوں نے اپنے پہلے سیزن میں 4 وکٹیں حاصل کیں، جن میں جمیما روڈریگز، میگ لیننگ اور شفالی ورما کی وکٹیں شامل تھیں۔
سنہ2025 میں مردوں کی کرکٹ کا بڑا ایونٹ چیمپئنز ٹرافی رہا اور ون ڈے ایوارڈز کی نمایاں کارکردگیاں اسی ٹورنامنٹ سے آئیں۔ لاہور میں ابراہیم زدران نے انگلینڈ کے خلاف 177 رنز کی اننگز کھیل کر افغانستان کے لیے ون ڈے میں سب سے بڑا سکور اور چیمپئنز ٹرافی کی تاریخ کا سب سے بڑا انفرادی سکور بنایا۔ ون ڈے بولنگ ایوارڈ انڈیا کے لیگ سپنر ورون چکرورتی نے دبئی میں نیوزی لینڈ کے خلاف 5 وکٹیں لے کر جیتا، جہاں ایک ہفتے بعد انڈیا نے چیمپئنز ٹرافی اپنے نام کی۔

چھ ماہ بعد اسی میدان میں انڈیا نے ٹی20 ایشیا کپ بھی جیتا۔ پاکستان کے خلاف فائنل میں مرکزی کردار لیگ سپنر کلدیپ یادو کا رہا، جنہوں نے 4 وکٹیں حاصل کیں، جن میں آخری اوور میں تین وکٹیں شامل تھیں۔
مردوں کی ٹی20 انٹرنیشنل بیٹنگ ایوارڈ انگلینڈ کے فل سالٹ کے نام رہا، جنہوں نے اولڈ ٹریفورڈ میں جنوبی افریقہ کے خلاف 60 گیندوں پر ناقابلِ شکست 141 رنز بنا کر نہ صرف انگلینڈ کی تیز ترین سنچری بلکہ اس فارمیٹ میں ان کا سب سے بڑا انفرادی سکور اور ٹیم کا سب سے بڑا مجموعہ (304) بھی ممکن بنایا۔

آسٹریلیا کے آل راؤنڈر بیو ویبسٹر، جنہوں نے سات ٹیسٹ میں چار نصف سنچریاں بنائیں اور آٹھ وکٹیں حاصل کیں، کو مردوں کا بہترین ڈیبیوٹن قرار دیا گیا۔ خواتین میں یہ اعزاز انڈیا کی فاسٹ بولر این شری چَرانی کو ملا، جنہوں نے 20 برس کی عمر میں انگلینڈ میں اپنے ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو پر چار وکٹیں لے کر غیرمعمولی اعتماد دکھایا اور بعد ازاں ورلڈ کپ میں 14 وکٹیں لے کر دیپتی شرما کے بعد انڈیا کی دوسری کامیاب بولر رہیں۔
چرانی نے ہرمَن پریت کور کی طرح دو ایوارڈز جیتے، خواتین ٹی20 بولنگ ایوارڈ انہیں ٹرینٹ برج میں انگلینڈ کے خلاف چار وکٹوں پر ملا، اسی میچ میں اوپنر سمرتی مندھانا کی پہلی ٹی20 سنچری نے انڈیا کی فتح کی بنیاد رکھی، جس پر انہیں ٹی20 بیٹنگ ایوارڈ دیا گیا۔
ایسوسی ایٹ کیٹیگری میں بیٹنگ ایوارڈ نیدرلینڈز کے میکس او ڈاؤڈ نے سکاٹ لینڈ کے خلاف ڈنڈی میں 370 رنز کے کامیاب تعاقب میں 130 گیندوں پر ناقابلِ شکست 158 رنز بنا کر جیتا، جبکہ بولنگ ایوارڈ اٹلی کے ہیری مینینتی کو سکاٹ لینڈ کے خلاف دی ہیگ میں کوالیفائر کے دوران 5 وکٹوں کی کارکردگی پر ملا، جس سے ان کی ٹیم نے 2026 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔
ای ایس پی این کرک انفو سالانہ ایوارڈز جیتنے والے کھلاڑیوں کی فہرست
ایوارڈ جیتنے والوں کی مکمل فہرست کے مطابق مردوں کے ٹیسٹ بیٹنگ ایوارڈ ایڈن مارکرم (136 بمقابلہ آسٹریلیا)، ٹیسٹ بولنگ ایوارڈ مچل سٹارک (7/58 بمقابلہ انگلینڈ)، ون ڈے بیٹنگ ایوارڈ ابراہیم زدران (177 بمقابلہ انگلینڈ)، ون ڈے بولنگ ایوارڈ ورون چکرورتی (5/42 بمقابلہ نیوزی لینڈ)، ٹی ٹوئنٹی بیٹنگ ایوارڈ فل سالٹ (141 ناٹ آؤٹ بمقابلہ جنوبی افریقہ) اور ٹی ٹوئنٹی بولنگ ایوارڈ کلدیپ یادو (4/30 بمقابلہ پاکستان) کے نام رہے۔ ٹی ٹوئنٹی لیگز بیٹنگ ایوارڈ مچل اوون (108 بمقابلہ سڈنی تھنڈر) اور بولنگ ایوارڈ تسکین احمد (7/19 بمقابلہ ڈھاکا کیپیٹل) نے جیتے، جبکہ مردوں کے کپتان ٹیمبا باووما اور ڈیبیوٹن بیو ویبسٹر قرار پائے۔
خواتین میں ون ڈے بیٹنگ ایوارڈ جمیما روڈریگز (127 ناٹ آؤٹ بمقابلہ آسٹریلیا)، ون ڈے بولنگ ایوارڈ دیپتی شرما (5/39 بمقابلہ جنوبی افریقہ)، ٹی ٹوئنٹی بیٹنگ ایوارڈ سمرتی مندھانا (112 بمقابلہ انگلینڈ)، ٹی ٹوئنٹی بولنگ ایوارڈ شری چرانی (4/12 بمقابلہ انگلینڈ)، ٹی ٹوئنٹی لیگز بیٹنگ ایوارڈ ہرمَن پریت کور (66 بمقابلہ دہلی کیپیٹلز) اور بولنگ ایوارڈ کرانتی گاؤڈ (4/25 بمقابلہ دہلی کیپیٹلز) کے نام رہے۔ خواتین کپتان کا اعزاز بھی ہرمَن پریت کور اور ڈیبیوٹن ایوارڈ شری چرانی نے حاصل کیا، جبکہ ایسوسی ایٹ بیٹنگ ایوارڈ میکس او ڈاؤڈ اور بولنگ ایوارڈ ہیری مینینتی کے نام رہا۔












