Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہراسانی کیس: صدر عارف علوی نے ڈی جی پیمرا کو برطرف کر دیا

خاتون نے پچھلے سال ڈائریکٹر جنرل کے خلاف درخواست دی تھی (فوٹو: آن لائن)
پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے خاتون کو ہراساں کرنے کے کیس میں پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے ڈائریکٹر جنرل کو برطرف کر دیا ہے۔
سنیچر کو صدر ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے کی جانے والی ٹویٹ میں بتایا گیا ہے کہ ’انہوں نے ہراسیت کے کیس میں پیمرا کے ڈائریکٹر جنرل کو ملازمت سے برطرف کر دیا ہے اور 25 لاکھ کا جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔‘
خاتون نے پچھلے سال وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت کو درخواست دی تھی۔
خیال رہے کیس کی تحقیقات ہونے کے بعد چار نومبر 2021 کو وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت کشمالہ طارق نے ڈی جی ایڈمن کو ملازمت سے فارغ کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔
اسی طرح انہیں 20 لاکھ روپے اور شریک ملزم فخرالدین کو پانچ لاکھ روپے کا جرمانہ بھی کیا گیا۔
فیصلے میں کہا گیا تھا کہ پاکستان الیکٹرونک میڈیا اتھارٹی (پیمرا) میں ڈیلی ویجز ملازمہ سدرہ کریم نے 20 جنوری 2020 کو پیمرا کے ڈی جی ایڈمن اینڈ ایچ آر حاجی آدم  کے خلاف ہراسانی کی درخواست دی تھی۔
جس پر وفاقی محتسب نے فروری 2020 میں ڈی جی کو عارضی طور پر معطل کرنے کا حکم دیا تھا۔ ڈی جی پیمرا نے وفاقی محتسب کے حکم کو دو بار اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا جبکہ صدر مملکت کے سامنے بھی اپیل دائر کی تھی۔

شیئر: