Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قوت خرید میں اضافہ، ایک ماہ میں 63.3بلین ریال کی ٹرانزیکشن

ریاض: سعودی عرب میں  اے ٹی ایم صارفین نے مارچ کے دوران  ریکارڈ ٹرانزیکشن کی۔  شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں نے  ایک ماہ کے دوران  63.3 بلین ریال  کے مالی معاملات  انجام دیئے۔  یہ  رقم  سال رواں کے دوران  سب سے زیادہ رہی۔  اعدادوشمار کے مطابق  سعودی عرب میں شہریوں اور  غیر ملکیوں نے   ماہ فروری کے دوران  54.8 بلین ریال  کا لین دین کیا تھا۔   فروری کے مقابلے میں  مارچ کے دوران   ٹرانزیکشن میں  15.5 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا۔  الاقتصادیہ کے معاشی ماہرین نے  سعودی  مالیاتی اتھارٹی (ساما)  کے ریکارڈ کا  جائزہ لینے کے بعد کہا ہے کہ  اے ٹی ایم  کے ذریعے  مالی معاملات  نمٹانے کی  شرح میں  8.5 بلین ریال  کا اضافہ ہوا ہے۔  یہ  اس بات کا ثبوت ہے کہ شہریوں و غیر ملکیوں کی قوت خرید میں نمایاں اضافہ  ہے۔  واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر اور  رواں برس جنوری کے دوران  شہریوں و  مقیم غیرملکیوں کی قوت خرید میں  ریکارڈ کمی  واقع ہوئی تھی۔  ماہرین کا کہنا ہے کہ  سرکاری  اداروں کے  سول  و عسکری  اداروں  کے ملازمین کی مراعات  میں بحالی کے بعد  قوت خرید میں مزید اضافہ متوقع ہے۔  اعدادوشمار سے معلوم ہوا ہے کہ  اے ٹی ایم صارفین میں سے  60 فیصد نے  سعودی  مالیاتی  نیٹ ورک  (مدیٰ)  کا استعمال کیا تھا۔  مدیٰ کے ذریعے شہریوں  و غیر ملکیوں نے  38.29  بلین ریال کا لین دین کیا جبکہ  40 فیصد مالی معاملات دیگر  مالیاتی نیٹ ورکس  کے ذریعے کئے گئے۔  ان کی مجموعی قیمت   25.08 بلین ریال تھی۔  ساما کی رپورٹ سے  معلوم ہوا ہے کہ  ملک بھر میں  18.08 ہزار  اے ٹی ایم  ہیں ۔ مارچ کے دوران  ایک اے ٹی ایم سے  اوسطاً 3.5  ملین ریال  کی  ٹرانزیکشن کی گئی۔  
 
 
 
 
 

شیئر: