سعودی وزیرحج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ’ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر مصری عمرہ زائرین کے لیے تمام صحت پابندیاں اور شرائط ختم کردی گئی ہیں‘۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق پیر کو قاہرہ میں سعودی سفارتخانے میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر توفیق الربیعہ نےکہا کہ ’سعودی عرب عمرہ کی ادائیگی اور مسجد نبوی ریاض الجنہ میں نماز کے لیے زائرین کو سہولتیں فراہم کررہا ہے‘۔
قاہرہ میں سعودی سفارتخانے میں مصر میں متعین سعودی سفیر اسامہ نقلی، وزارت حج و عمرہ کے متعدد عہدیدار اور سفارتکار بھی موجود تھے۔
ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا کہ’ دورہ مصر کے موقع پر شاندار استقبال اور ضیافت پر اہل مصر کے شکر گزار ہیں۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور مصری صدر عبدالفتاح السیسی کی قیادت میں دونوں ملکوں نے منفرد برادرانہ اور تاریخی تعلقات قائم ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ’ ’نسک‘ پلیٹ فارم عمرہ اور زیارت ویزوں کے اجرا میں سہولت فراہم کررہا ہے۔ چوبیس گھنٹے یہ سہولت مہیا ہے۔ اس کے ذریعے ٹرانسپورٹ، رہائش اور دیگر سہولتیں حاصل کی جاسکتی ہیں‘۔