Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

او آئی سی کا پناہ گزین بچوں کی تعلیم کے میدان میں عالمی اقدام کا مطالبہ

او آئی سی کے زیر اہتمام کوالالمپور میں آٹھویں سالانہ تقریب منعقد کی گئی۔ فوٹو عرب نیوز
اسلامی تعاون تنظیم  او آئی سی نے عالمی براداری سے مطالبہ کیا ہے کہ دنیا بھر میں بسے  پناہ گزینوں کے حقوق کے تحفظ  اور خصوصی طور پر تعلیم کے میدان میں ان کی بھرپور مدد کی جائے۔
عرب نیوز کے مطابق یہ مطالبہ او آئی سی کے آزاد مستقل انسانی حقوق کمیشن (آئی پی ایچ آر سی) کے زیر اہتمام آٹھویں سالانہ سیمینار کے اختتام پر کیا گیا ہے۔

فنڈ کے قیام  کا مقصد پناہ گزین کمیونٹیز کی بہبود بہتر بنانا ہے۔ فوٹو عرب نیوز

ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں اس سلسلے میں دو روزہ تقریب منعقد کی گئی جس کا عنوان تھا 'پناہ گزینوں کے تحفظ پر اسلامی نقطہ نظر، حقوق اور تعلیم تک رسائی'۔
تقریب میں آئی پی ایچ آر سی کے اراکین کے ساتھ ساتھ او آئی سی کے رکن اور مبصر ممالک کے نمائندوں، کثیرالجہتی اور بین الحکومتی  تعلیمی تنظیموں کے ماہرین نے شرکت کی۔
اس موقع پر پناہ گزینوں کے بچوں کے لیے بہترین تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے لیے میزبان ممالک کی صلاحیتوں اور ان میں مزید اضافہ کرنے سمیت نئے طریقوں پر شرکاء کی جانب سے تجاویز پیش کی گئیں۔
پناہ گزینوں کے بچوں کو آن لائن سیکھنے کے مواقع اور ترقیاتی منصوبوں کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ تعلیم تک رسائی کو بہتر بنانے سمیت دیگر مسائل سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون بڑھانے کے طریقوں کی نشاندہی کی گئی۔

تعلیم تک رسائی کو بہتر بنانے کے طریقوں کی نشاندہی کی گئی۔ فوٹو عرب نیوز

کوالالمپور اعلامیہ میں اوآئی سی کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے مینڈیٹ کے ذریعے او آئی سی کے نظام کے اندر خصوصی ادارے، میکانزم یا فنڈ کے قیام کا بھی مطالبہ کیا  گیا ہے۔
فنڈ کے قیام  کا مقصد اوآئی سی ممالک میں مہاجرین کی کمیونٹیز کی بہبود کو بہتر بنانے کے لیے ایک طریقہ کار کی بنیاد رکھنا ہے۔
اس موقع پر شرکاء نے گلوبل اسلامک ریفیوجی فنڈ کے قیام کا خیرمقدم کیا ہے جسے اسلامی ترقیاتی بینک کے انسانی ہمدردی کے ادارے  کی جانب سے اسلامی یکجہتی فنڈ برائے ترقی کے نام سے بنایا گیا ہے۔
 

شیئر: