Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض سیزن میں روزانہ ڈھائی لاکھ سے زیادہ شائقین آئیں گے

ریاض سیزن  2022 کا افتتاح 21 اکتوبر کو ہورہا ہے (فوٹو: العربیہ چینل)
سعودی محکمہ تفریحات کے ایگزیکٹیو چیئرمین انجینیئر فیصل بافرط نے ریاض سیزن 2023 میں ’نیا کیا ہے‘ کے حوالے سے تفصیلات فراہم کی ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق انجینیئر فیصل بافرط نے بتایا کہ’ ہم سعودی عرب کو بین الاقوامی تفریحاتی مرکز بنانے کے قریب پہنچ گئے ہیں‘۔ 

’سعودی عرب کو بین الاقوامی تفریحاتی مرکز بنانے کے قریب ہوگئے ہیں‘ (فوٹو: ایس پی اے)

انہوں نے کہا کہ ’ریاض سیزن کا اہم ہدف یہ ہے کہ مملکت سیر و تفریح کے شائقین کا عالمی مرکز بن جائے۔ یہ ہدف حاصل کرنے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ ریاض سیزن میں 15 ملین سے زیادہ شائقین کی چھ ماہ کے دوران میزبانی ہوگی۔ ان میں سے 13 لاکھ بین الاقوامی سیاح ہوں گے‘۔ 
’ بولیفارڈ ریاض سٹی کو جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے۔ ردوبدل  30 فیصد کے لگ بھگ ہے۔ اس مرتبہ ریاض سیزن میں یہاں تقریبات ہوں گی۔ ریستوران، تھیٹر، قہوہ خانے اور بہت کچھ نیا ہوگا‘۔ 

بولیفارڈ ریاض سٹی کو جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)

سعودی محکمہ تفریحات کے ایگزیکٹیو چیئرمین کا کہنا تھا کہ ونٹر ونڈر لینڈ بھی ریاض سیزن کا اہم مرکز ہے، یہاں  80 سے زیادہ گیمز ہوں گی۔ المربع زون میں 8 ریستوران اور بین الاقوامی کافی ہاؤس دیکھنے کو ملیں گے۔ زمان زون میں ایسی سرگرمیاں مشاہدے میں آئیں گی جو گزشتہ سیزن میں دیکھنے کو نہیں ملی تھیں اور نئی سرگرمیاں گزشتہ سیزن کی سرگرمیوں سے کہیں زیادہ پرانی تاریخ والی ہوں گی۔ 
انہوں نے کہا کہ ریاض سیزن میں دیوہیکل سکرینز پر شائقین فٹبال ورلڈ کپ کے میچز دیکھ سکیں گے۔ اس مرتبہ 8 نئے زون قائم کیے گئے ہیں۔ 

ونٹر ونڈر لینڈ بھی ریاض سیزن کا اہم مرکز ہے۔ (فوٹو ریاض سیزن ٹوئٹر)

انجینیئر فیصل بافرط نے مزید کہا کہ’ ریاض سیزن میں 15 زونز کاا فتتاح ہو گا۔ یومیہ  ڈھائی لاکھ سے زیادہ شائقین کا خیر مقدم کیا جائے گا۔‘ 
یاد رہے  کہ ریاض سیزن  2022 کا افتتاح 21 اکتوبر کو ہوگا۔ اس کا سلوگن  ’خیال آگے‘ ہوگا۔ 
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: