Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کی طرف سے یوکرین کےلیے 400 ملین ڈالر ہیومینٹیرین امداد کا اعلان

مزید جنگی قیدیوں کی رہائی کے لیے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق ہوا ہے( فائل فوٹو عرب نیوز)
یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلینسکی نے جمعے کو کہا ہے کہ’ انہوں نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو ٹیلی فون کیا ہے‘۔
سعودی عرب نے اس کے فوری بعد یوکرین کے لیے 400 ملین ڈالر کے ہیومینٹیرین امدادی پیکج کا اعلان کیا۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ ’سعودی عرب ثالثی کی کوششوں کو جاری رکھنے اور ہر اس چیز کی سپورٹ کے لیے تیار ہے جو کشیدگی کم کرنے میں معاون ہو۔
عرب نیوز کے مطابق  یوکرینی صدر نے ٹیلی فونک رابطے کے دوران کہا کہ وہ’ یوکرین کی علاقائی خود مختاری کی حمایت میں مملکت کے موقف پر سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہیں‘۔
سعودی عرب نے حال ہی میں اقوام متحدہ کی روس کے زیر قبضہ چار خطوں کے ماسکو کے ساتھ الحاق کو تسلیم نہ کرنے کی قرارداد کے حق میں ووٹ دیا ہے۔
یوکرین کے صدر نے یہ بھی کہا کہ ’وہ اور سعودی ولی عہد مزید جنگی قیدیوں کی رہائی کے لیے رابطے جاری رکھنے پر متفق ہیں‘۔
یاد رہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان نے گزشتہ ماہ روس اور یوکرین کے درمیان قیدیوں کے تبادلہ کے عمل کے ایک حصے کے طور پر مختلف ممالک کے دس قیدیوں کی رہائی کےلیے ثالثی کی تھی۔
یوکرین صدر کا کہنا تھا کہ’ وہ اور شہزادہ محمد بن سلمان، سعودی عرب کی طرف سے یوکرین کو میکرو فننانشل امداد کی فراہمی پر بھی متفق ہیں‘۔
قبل ازیں یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلینسکی نے روس اور یوکرین کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے لیے نتیجہ خیز کوششوں پربھی سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا تھا۔

شیئر: