Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’فیکڑیاں تین برس تک موجودہ نرخوں پر گیس حاصل کر سکیں گی‘

’مملکت کے متعدد علاقوں کے لیے گیس کی فراہمی کا پروگرام ہے‘ ( فوٹو الاقتصادیہ)
سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے کہا ہے کہ انفرادی شکل میں وزارتوں کے کام کا دور گزر چکا ہے۔
شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان بدھ کو صنعت کی قومی حکمت عملی کانفرنس کے مباحثے میں اظہار خیال کر رہے تھے۔
اخبار 24 اورعاجل ویب کے مطابق وزیر توانائی نے کہا کہ مملکت کے متعدد علاقوں کے لیے گیس سپلائی پروگرام ہے۔ ان میں جازان انڈسٹریل زون شامل ہے جہاں گیس کی سپلائی ہو سکتی ہے۔
انہو ں نے کہا کہ ’اگر ہم مطلوبہ طریقے سے کام کرتے تو صنعتی شعبے میں انڈیا اور چین جیسے بن سکتے تھے۔ ہم نے چالیس سال گنوا دیے۔‘
انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری سے فیکڑیوں کے قیام میں مدد ملے گی۔ سعودائزیشن کو فروغ حاصل ہو گا۔ 
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’جلد ایک نیا پروگرام شروع کیا جائے گا جس سے فیکڑیاں تین برس تک موجودہ نرخوں پر گیس حاصل کرسکیں گی۔‘
  مباحثے میں سعودی وزیر صنعت بندر الحریف نے کہا کہ ’صنعتی حکمت عملی کی تیاری کے لیے پرائیویٹ سیکڑ کی تین سو تجربہ کار شخصیات سے استفادہ کیا ہے۔‘ 
الخریف نے کہا کہ ’صنعت کی قومی حکمت عملی کا اہم پہلو یہ ہے کہ اس کی بدولت صنعت کے مستقبل کا روڈ میپ تیار ہو گیا۔  قومی پیداوار میں اس کا حصہ تین گنا بڑھ جائے گا۔ اب 900 ارب ریال تک صنعتی پیداوار سے ملیں گے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’صنعت کی قومی حکمت عملی کا ثمر معاشرے کے ہر فرد کو ملے گا۔ اس کی بدولت نوجوانوں کو روزگار کے ایسے مواقع ملیں گے جن کے ذریعے وہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا بہتر شکل میں مظاہرہ کر سکیں گے۔‘

 سعودی ولی عہد نے منگل کو قومی صنعتی حکمت عملی  کا اعلان کیا (فوٹو: الاقتصادیہ)

یاد رہے کہ سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے منگل کو قومی صنعتی حکمت عملی  کا اعلان کیا تھا۔
اس کا مقصد سرمایہ کاروں کے لیے ایسی پرکشش صنعتی معیشت تک رسائی ہے جس سے اقتصادی تنوع کے حصول، قومی پیداوار اور تیل کے ماسوا برآمدات میں اضافہ ہو سکے۔ 
قومی صنعتی حکمت عملی مملکت میں صنعتی معیشت میں تنوع لانے کے لیے 12 ذیلی سیکٹر قائم کرے گی جبکہ ایک ٹریلین ریال کی مالیت سے 800 سے زیادہ نئے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔ ان منصوبوں سے 2030 تک صنعتی قومی پیداوار تین گنا تک بڑھ جائے  گی۔ صنعتی برآمدات کا حجم 557 ارب ریال تک  پہنچ جائے گا۔ 
 قومی حکمت عملی صنعتی شعبے میں 1.3 ٹریلین ریال تک کی اضافی سرمایہ کاری کے لیے بھی کام کرے گی۔ ترقی یافتہ تکنیکی مصنوعات کی برآمدات میں چھ گنا تک اضافہ کیا جائے گا۔ اس سے لاکھوں افراد کو روزگارکے نئے مواقع ملیں گے۔

شیئر: