Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان کی نااہلی، ’اسے خطرہ نہیں بلکہ وہ خود خطرہ ہے‘

الیکشن کمیشن سے نااہلی کے بعد پی ٹی آئی نے عمران خان کو اپنی ’ریڈ لائن‘ قرار دیا (فوٹو: پی ٹی آئی)
پاکستان کے الیکشن کمیشن کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان کو نااہل قرار دیے جانے کے بعد جہاں ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج ہوا وہیں سوشل ٹائم لائنز پر بھی ان کے حامی احتجاج کرتے رہے۔
انتخابی کمیشن کے فیصلے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے حامیوں کی گفتگو اتنی بڑھی کہ ٹوئٹر کے ٹرینڈز پینل میں ’عمران خان ہماری ریڈ لائن‘ سرفہرست ٹرینڈ بن گیا۔
اس میں گفتگو کرنے والوں نے جہاں فیصلے پر اپنی رائے دی وہیں پارٹی کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل کی میزبانی میں ہونے والے سپیس سیشن میں بھی غم وغصہ کا اظہار کیا۔
پی ٹی آئی کے آفیشل ہینڈل نے عمران خان کی ایک مسکراتی ہوئی تصویر شیئر کی تو ساتھ لکھا کہ ’عمران خان کی یہ تصویر اب سے کچھ لمحے پہلے کی ہے- اطمینان جو ان کہ چہرے پر ہے یہ عوام پر اعتبار کا اعتماد ہے۔‘

انٹرورٹ لیلی کے ہینڈل سے تصویر پر تبصرہ میں لکھا گیا کہ ’اس لیے کہ اسے خطرہ نہیں بلکہ وہ خود خطرہ ہے۔‘

رحیم مروت نے ’کاغذی راجہ اور ان کے سرپرستوں‘ کو مخاطب کیا تو لکھا کہ ’غور سے دیکھیں میرا لیڈر فیصلے کے بعد بھی مطمئن ہے اب تم سب کے رونے کے دن شروع ہوگئے ہیں۔‘

پی ٹی آئی حامیوں کی مسلسل احتجاجی ٹویٹس سے متفق دکھائی نہ دینے والے فیاض رسول نے لکھا کہ ’سرکاری دوائیں مفت حاصل کر کے بازار میں قیمتا بیچنا جرم ہے۔ سستا آٹا وچینی خرید کر کھلے بازار میں مہنگا بیچ کر منافع کمانا بھی جرم لیکن قوم کو ملنے والا تحفہ بازار میں بیج کر منافع جیب میں ڈالنا اور اثاثوں میں ظاہر بھی نہ کرنا، بڑے لیڈر کی پہچان۔‘

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر دیے گئے پیغام میں لکھا گیا کہ ’الیکشن کمشن نے توشہ خانہ ریفرنس میں انصاف کیا۔ قوم نے دیکھ لیا کہ کرپٹ پریکٹس کرکے وزیراعظم کے منصب کو ذاتی آمدن کا ذریعہ بنایا گیا۔ صداقت وامانت کا بُت پاش پاش ہوگیا۔ قانون سے لڑنے، گولیاں، ڈنڈے چلانے، فسادی جتھے لانے کے بجائے قانون کے سامنے سر جھکائیں۔ کوئی قانون سے بالا  نہیں۔‘

تحریک انصاف کے سینیٹر ذیشان خانزادہ نے لکھا کہ ‘عمران خان صرف اس اسمبلی کے خاتمہ تک نااہل ہیں۔ جیسے ہی یہ اسمبلی تحلیل ہو گی اس کے ساتھ ہی نااہلی بھی ختم۔ یہ خبر سن کر مٹھائیاں بانٹنے والے پھر رونا شروع ہو جائیں گے۔‘

سابق وفاقی وزیر اور تحریک انصاف کے نائب صدر فواد چوہدری نے اپنے ردعمل میں کہا کہ ’نااہلی جزوقتی ہو یا کل وقتی ناقابل قبول ہے۔ قوم اس فیصلے کو مسترد کرتی ہے۔ انقلاب کی ابتدا ہو چکی ہے۔‘

پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے اپنی ٹویٹ میں ’عمران خان ہماری ریڈلائن‘ کہا تو ’مائنس ون نامنظور‘ کا ہیش ٹیگ سجایا۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ’پاکستان کی جمہوریت عمران خان کے بغیر نہیں چل سکتی۔‘

شیئر: