Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکی سپیکر نینسی پلوسی کے گھر پر حملہ، ہتھوڑوں کے وار سے شوہر زخمی

حملے کے وقت نینسی پلوسی گھر پر موجود نہیں تھیں (فوٹو: روئٹرز)
امریکی ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پلوسی کے سان فرانسسکو میں واقع گھر پر حملہ کیا گیا ہے۔ حملہ آور نے ان کے شوہر کو ہتھوڑے سے تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق واقعہ جمعے کی صبح پیش آیا اور اس وقت نینسی پلوسی گھر پر موجود نہیں تھیں۔
صدر جو بائیڈن نے حملے کو بزدلانہ حرکت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حملہ آور وہی نعرے لگا رہا تھا جو کیپیٹل ہل پر حملے کے وقت سُنے گئے۔
صدر بائیڈن کا کہنا تھا کہ ’بہت ہو گیا، آپ کی سیاست کچھ بھی ہو مگر اس میں تشدد کی گنجائش نہیں۔ ہر باضمیر شخص کو اس کے خلاف کھڑا ہونا چاہیے۔‘
نینسی پلوسی کے شوہر 82 سالہ پال پلوسی کو سر اور جسم کے دیگر حصوں پر شدید زخم آئے ہیں اور وہ ہسپتال میں ہیں۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اُن کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
سپیکر نینسی پلوسی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وہ واشنگٹن سے سان فرانسسکو کے لیے روانہ ہو چکی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جب حملہ آور گھر میں گھسا تو اسی وقت پال پلوسی نے پولیس کو 911 پر ہنگامی کال کر دی تھی۔ حملہ آور اُن کے قریب پہنچا تب بھی انہوں نے کال نہیں کاٹی اور گفتگو پولیس نے بھی سن لی۔
سان فرانسسکو کی پولیس کے مطابق جب اہلکار وہاں پہنچے تو حملہ آور پال پلوسی کو ہتھوڑے سے زدوکوب کر رہا تھا جس کو فوری طور پر گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملے کی وجوہات یا محرکات کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے تاہم اس کا امکان ہے کہ وہ نینسی پلوسی کو نشانہ بنانے کے لیے گھر میں گھسا تھا۔
پولیس کے مطابق حملہ آور نے گھسنے کے بعد بلند آواز میں پوچھا کہ ’نینسی کہاں ہیں‘ اور جب بتایا گیا کہ وہ گھر پر موجود نہیں تو اس کا کہنا تھا کہ وہ ان کی واپسی تک وہیں انتظار کرے گا۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ واقعے کا سیاسی تشدد سے تعلق ہو سکتا ہے تاہم تحقیقات کے بعد ہی درست صورت حال سامنے آئے گی۔
نینسی پلوسی کے گھر پر حملے کی خبر سامنے آتے ہی نائب امریکی صدر کمیلا ہیرس نے انہیں ٹیلی فون کال کی اور حملے کی مذمت کی۔
نیسی پلوسی کی شادی پال پلوسی سے 1963 میں ہوئی اور ان کے پانچ بچے ہیں۔
اے پی کے مطابق واقعے کے بعد گرفتار کیے جانے والے شخص کی شناخت ڈیوڈ ڈیپاپے کے نام سے ہوئی ہے اور اس کی عمر 42 سال ہے۔
وہ نسل پرستی کے حوالے سے سخت خیالات رکھتا ہے اور اسی حوالے سے سوشل میڈیا پر پوسٹس بھی کرتا رہا ہے جبکہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا حامی ہے۔
حملہ آور کا تعلق برٹش کولمبیا سے ہے اور تقریباً 20 برس قبل سان فرانسسکو آیا تھا۔

شیئر: