Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انگلینڈ کی سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات روشن

انگلینڈ کی جانب سے پہلے جوز بٹلر نے 73 اور الیکس ہیلز نے 52 رنز بنائے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
آسٹریلیا میں کھیلے جا رہے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے گروپ ون کے اہم میچ میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو 20 رنز شکست دے دی ہے۔
منگل کو برسبین کے گابا سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو مقررہ 20 اوورز میں 180 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں نیوزی لینڈ 6 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز ہی بنا سکی۔
انگلینڈ کی جانب سے جوز بٹلر نے 73، الیکس ہیلز نے 52 جبکہ لیام لیونگسٹون نے 20 رنز بنائے۔
دوسری طرف نیوزی لینڈ کی جانب سے جوابی اننگز میں گلین فلپس نے 62، کپتان کین ولیمسن نے 40 اور فِن ایلن نے 16 رنز بنائے۔
انگلینڈ کی جانب سے بولنگ کرتے ہوئے کرس ووکس اور سیم کرن نے 2 2 جبکہ مارک وُڈ اور بین سٹوکس نے ایک ایک  وکٹ حاصل کی۔
ایونٹ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے کے لیے انگلینڈ کو نیوزی لینڈ کے خلاف یہ میچ جیتنا ضروری تھا۔
نیوزی لینڈ کو ہرانے کے بعد انگلینڈ کے سیمی فائنل میں جانے کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔

نیوزی لینڈ کے خلاف کامیابی کے بعد انگلینڈ نے پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

اگر گروپ ون کے پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال دیکھی جائے تو اس میں نیوزی لینڈ 4 میچز کھیل کر 5 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔
نیوزی لینڈ کا گروپ میں آخری میچ 4 نومبر کو آئرلینڈ کے خلاف ہے، اگر نیوزی لینڈ اس میچ میں فتح یاب ہوجاتا ہے تو نیوزی لینڈ 7 پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا۔
نیوزی لینڈ کے خلاف کامیابی کے بعد انگلینڈ نے پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
انگلینڈ نے 4 میچز کھیلے ہیں جن میں اسے دو میں کامیابی، ایک میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا۔
انگلیںڈ سپر 12 راؤنڈ میں اپنا آخری میچ سری لنکا کے خلاف 5 نومبر کو کھیلے گا جس میں دونوں ٹیموں کو سیمی فائنل میں جانے کے لیے جیت درکار ہے۔
گروپ ون میں دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا بھی 5 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر ہے۔
آسٹریلیا نے ابھی تک ایونٹ میں 4 میچ کھیلے ہیں جس میں اسے دو میں کامیابی، ایک میں ناکامی ہوئی جبکہ ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا۔
آسٹریلیا کا ایونٹ میں آخری میچ چار نومبر کو افغانستان کے خلاف ہے، اگر یہ میچ آسٹریلیا جیت جاتا ہے تو انگلینڈ کے سری لنکا کے خلاف جیتنے کی صورت میں ان دونوں ٹیموں کے درمیان فیصلہ رن ریٹ پر ہوگا۔
گروپ ون میں چوتھے نمبر پر موجود سری لنکن ٹیم بھی سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہے۔

انگلینڈ کے خلاف میچ جیتنے کے ساتھ ساتھ سری لنکا کو آسٹریلیا یا نیوزی لینڈ کی ہار کے لیے بھی دعا کرنا ہوگی۔ (فوٹو: اے ایف پی)

سری لنکا نے ٹی20 ورلڈ کپ میں ابھی تک 4 میچز کھیلے ہیں جس میں اسے دو میں جیت اور دو میں ہار ہوئی ہے تاہم انگلینڈ کے خلاف آخری میچ سری لنکا کے لیے ناک آوٹ میچ ہوگا۔
انگلینڈ کے خلاف میچ جیتنے کے ساتھ ساتھ سری لنکا کو آسٹریلیا یا نیوزی لینڈ کی ہار کے لیے بھی دعا کرنا ہوگی۔
گروپ ون میں شامل آئرلینڈ بھی ابھی تک سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر نہیں ہوئی۔
پانچوں نمبر پر براجمان آئرلینڈ تین پوائںٹس حاصل کر چکی ہے اور اگر آئرلینڈ اپنے آخری میچ میں آسٹریلیا کو ہرا دیتی ہے تو اسے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ہار کی دعا کرنا ہوگی تاہم آئرلینڈ کا حتمی فیصلہ نیٹ رن ریٹ پر ہی ہوگا۔
گروپ ون میں آخری نمبر پر براجمان افغانستان کی ٹیم ایونٹ کے سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہے۔

شیئر: