Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیمی فائنل سے پہلے ہی ’ورلڈ کپ ٹرافی پاکستان پہنچ گئی‘

بابر اعظم نے منگل کو ریسٹ ڈے کے باوجود نیٹ پریکٹس کی (فوٹو: ویڈیو گریب)
پاکستان ٹی 20 ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں بدھ نو نومبر کو نیوزی لینڈ کے مدمقابل ہو گا۔ یہ مقابلہ ایک ایسے وقت میں ہورہا ہے جب ملک میں سیاسی درجہ حرارت گرم جب کہ موسم ٹھنڈا ہے، اس دوران کرکٹ کے دیوانے دیگر معاملات کو نظرانداز کر کے اپنی ٹیم اور کپتان بابراعظم کو یاد رکھے ہوئے ہیں۔
پاکستان کے جنوبی حصے میں واقع گڈانی کے ساحل پر سمیر شوکت اور راشدی آرٹسٹ نے بابراعظم کی ورلڈ کپ ٹرافی کے ہمراہ تصویر بنائی تو لہروں کے قریب سمندر کی ریت پر بنا یہ منظر ٹائم لائنز پر خاصا نمایاں رہا۔
نوجوان فنکاروں کی کاوش پر تبصرہ کرنے والوں نے لکھا کہ ’سیمی فائنل ہونا اور اس کا نتیجہ آنا باقی ہے لیکن ورلڈ کپ ٹرافی پہلے ہی پاکستان پہنچ گئی ہے۔ اب اصل بھی ضرور آئے گی، ان شااللہ۔‘
تصویر بنانے والے دونوں افراد گڈانی ہی کے رہائشی ہیں۔ ان میں سے ایک سمیر شوکت نے پاکستانی کپتان کو مینشن کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ ’امید ہے وہ اسے دیکھیں گے بھی اور ہم سے ملاقات بھی کریں گے۔‘

تصویر دیکھنے والوں نے اسے ’پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے خوبصورت تحفہ‘ قرار دیتے ہوئے دونوں فنکاروں کو ان کی کاوش پر مبارکباد بھی دی۔

فاطمہ ستار نے بابراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے جذباتی پیغام میں مشورہ دیا کہ ’زہریلے لوگوں پر دھیان نہ دیں، صرف ان جیسے فینز کے لیے اپنی فارم واپس لانے کی کوشش کرتے رہیں۔‘

گڈانی کے ساحل پر بابراعظم اور ورلڈ کپ ٹرافی کی تصویر بنانے والے نوجوان فنکار اس سے قبل اسی ساحل پر پاکستانی بولر شاہنواز دھانی کا پورٹریٹ بھی بنا چکے ہیں۔

کرکٹ سے متعلق اعدادوشمار بتاتے ہیں کہ ورلڈ کپ میں چھٹی مرتبہ سیمی فائنل میں پہنچنے والی پاکستانی ٹیم کو مدمقابل نیوزی لینڈ پر برتری حاصل ہے۔
اہم مقابلے سے قبل کچھ شائقین ماضی کے ورلڈ کپ مقابلوں اور حالیہ ٹورنامنٹ میں گرین شرٹس کی کارکردگی میں مشترکات ڈھونڈ رہے ہیں تو کچھ ایسے بھی ہیں جو سب کچھ بھول بھال کر اپنی ٹیم کو سڈنی کے میدان میں فاتح دیکھنا چاہتے ہیں۔

شیئر: