العربیہ کے مطابق ڈیانا رمیریز نے جرائم کے تعاقب پر مبنی اپنے کریئر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اپنے ملک کی خدمت اور حفاظت کرنے پر انہیں فخر ہے۔
کولمبیا کی یہ خاتون پولیس اہلکار میڈیلن شہر کی سڑکوں پر گشت کرتی ہیں۔ میڈیلن کا شمار دنیا کے خطرناک ترین شہروں میں ہوتا تھا۔
ڈیانا رمیریز کا کہنا ہے کہ وہ سوشل میڈیا سٹار یا انفلوئنسر بننے کی خاطر اپنی روزمرہ کی ذمہ داریوں کو پس پشت نہیں ڈال سکتیں۔
انہوں نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ ’اگر مجھے کوئی پیشہ اختیار کرنے کا موقع ملے تو میں ایک بار پھر پولیس فورس میں ہی بھرتی ہونا چاہوں گی کیونکہ میں آج جو کچھ بھی ہوں، اسی محکمے کی وجہ سے ہوں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’میں کولمبیا کی قومی پولیس کی ممنون ہوں جس نے مجھے پروفیشنل بنایا اور ایسی خاتون بنایا جو میں آج ہوں۔‘
ڈیانا رامیریز نے میڈلین شہر میں اپنی ڈیوٹی کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ مجرموں کو پکڑنے کے لیے روانہ شہر کی سڑکوں پر پیٹرولنگ کرتی ہیں۔
ڈیانا کے سوشل میڈیا ویب سائٹ انسٹاگرام پر موجود اکاؤںٹ کے تین لاکھ سے زیادہ فالوئرز ہیں۔
وہ انسٹاگرام پر اپنی پولیس یونیفارم میں تصاویر پوسٹ کرتی ہیں۔
ڈیانا رواں برس انسٹافیسٹ ایوارڈز میں بہترین عسکری انفلوئنسر کے طور پر نامزد ہوئیں۔ یہ ایوارڈز ان پروفشنل افراد کو دیے جاتے ہیں جو زیادہ آڈیئنس تک پہنچنے کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر مواد پوسٹ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کی نمائندگی کرتے ہوئے اس ایوارڈ کے لیے نامزدگی میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔
’مجھے اچھا محسوس ہوتا ہے کیونکہ سوشل میڈیا پر ہر شخص اپنی روزمرہ مصروفیات کی تفصیل شیئر کر سکتا ہے اور یوں وہ وطن کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکتا ہے۔‘
سوشل میڈیا پر موجود ڈیانا رمیریز کی تصاویر پر مرد مداحوں کے تبصروں کی بھرمار ہے جو اسلحہ تھامے کھڑی اس خاتون کو سراہ رہے ہیں۔
خاتون پولیس اہلکار کے بہت سے مداحوں کا کہنا ہے کہ ان کی مقبولیت کی وجہ صرف ان کی ظاہری دلکشی ہی نہیں بلکہ حقیقت یہ ہے کہ وہ وطن کی حفاظت کے لیے اپنی زندگی وقف کر چکی ہیں۔