Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غیرملکی کارکن اپنا خروج وعودہ ابشر اکاونٹ سے حاصل کرسکتے ہیں؟

 اقامے کی مدت چھ ماہ سے زیادہ ہونے پر ماہانہ بنیاد پر خروج وعودہ جاری کیاجاتا ہے(فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب میں جوازات کے قانون کے مطابق خروج وعودہ پرجانے والے افراد اس امر کے پابند ہوتے ہیں کہ وہ مقررہ وقت پرمملکت واپس آئیں. اگروقت پر واپسی کا ارادہ نہیں تو اس صورت میں خروج وعودہ کی مدت میں توسیع کرانا ضروری ہے۔ 

اردو نیوز کا فیس بک پیج لائک کریں

خروج وعودہ کے اجرا کے حوالے سے ایک شخص نے دریافت کیا کہ ’مملکت میں رہنے والے غیرملکی کارکن اپنا خروج وعودہ خود اپنے ابشراکاونٹ سے حاصل کرسکتے ہیں؟‘
سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ ’غیرملکی کارکنوں کا خروج وعودہ ان کے سپانسر کے ابشر یا مقیم اکاونٹ سے جاری کرایا جاسکتا ہے۔‘ 
جوازات کے ضوابط کے مطابق مملکت میں مقیم غیرملکی کارکنوں کو یہ اختیار نہیں کہ وہ اپنے اقامہ کے حوالے سے سرکاری معاملات کی انجام دہی کے لیے براہ راست جوازات کے کسی دفترسے رجوع کریں۔ 
غیرملکی کارکنوں کے اقامہ، خروج وعودہ یا خروج نہائی کے اجرا و تجدید کے لیے لازمی ہے کہ کارکن کے سپانسر اپنے ابشریا مقیم اکاونٹ سے یہ کام کرائیں۔
کارکنوں کے ابشر اکاونٹ میں خروج وعودہ کے اجرا کی سہولت فراہم نہیں کی جاتی  تاہم وہ غیرملکی کارکن جو اپنے اہل خانہ کے ہمراہ مملکت میں مقیم ہیں وہ اپنے اہل خانہ کے خروج وعودہ یا خروج نہائی وغیرہ کے معاملات اپنے ابشر اکاونٹ کے ذریعے سرانجام دے سکتے ہیں۔
غیر ملکی کارکن اپنے اہل وعیال کا ذمہ دار ہوتا ہے اس لیے ان کے رہائشی وقانونی معاملات کے انجام دہی بھی کارکن کے ذمہ ہوتی ہے۔ 
 خروج وعودہ ویزے کے حوالے سے ایک شخص نے پوچھا کہ ’خروج وعودہ ویزا جاری کرانے کےلیے 300 ریال جو کہ 90 دن کے لیے ہوتے ہیں جمع کرائے لیکن ابشر کے ذریعے خروج وعودہ کی کارروائی مکمل نہیں ہورہی، کیا کریں؟‘

دنوں کے حساب سے خروج وعودہ میں اجرا اور واپسی کی تاریخ کا تعین کیاجاتا ہے(فوٹو: ایس پی اے)

سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ ’خروج وعودہ کےلیےجمع کرائی گئی فیس کو ’ری فنڈ ‘ کریں بعدازاں اقامہ کی مدت دیکھتے ہوئے مطلوبہ مدت کے لیے خروج وعودہ کا تعین کرنے کے بعد اسی حساب سے فیس جمع کرائی جائے۔‘ 
اگراقامہ کی باقی مدت چھ ماہ سے کم ہے تو اس صورت میں خروج وعودہ کے دوسرے آپشن کو استعمال کیاجائے جس میں خروج وعودہ دنوں کے حساب سے جاری کیاجاتا ہے۔

اردو نیوز کا یوٹیوب چینل سبسکرائب کریں

دنوں کے حساب سے جاری کرائے جانے والے خروج وعودہ میں اجرا اور واپسی کی تاریخ کا تعین کیاجاتا ہے۔ اس دوران سفر کرنے والوں کو اس کی پابندی کرنا ہوتی ہے بصورت دیگر خروج وعودہ ایکسپائرہوجاتا ہے۔ 
اقامے کی مدت میں چھ ماہ سے زیادہ وقت ہونے پرماہانہ بنیاد پرخروج وعودہ ویزہ جاری کیاجاتا ہے۔ ماہانہ بنیاد پرجاری کیے جانے والے خروج وعودہ کے اجرا کے لیے ابتدائی طورپر200 ریال دوماہ کےلیے فیس مقرر ہے بعدازاں ہرماہ 100 ریال کے حساب سے خروج وعودہ جاری کرایا جاسکتا ہے۔

شیئر: