Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کا عالمی وبائی فنڈ میں پچاس ملین ڈالر عطیے کا اعلان

سعودی ولی عہد کی جانب سے عطیے کا اعلان جی 20 سربراہ اجلاس کے دوران کیا گیا( فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب نے وبائی امراض کی روک تھا کی کوششوں کو آگے بڑھانے کےلیےعالمی وبائی فنڈ میں پچاس ملین ڈالرعطیے کا اعلان کیا ہے۔ 
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق عالمی وبائی فنڈ میں پچاس ملین ڈالر عطیے کا اعلان ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے جی  20 سربراہ اجلاس کے دوران اس خطاب میں کیا گیا جسے وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے پڑھ کر سنایا ہے۔ 
سعودی عرب 2020 کے دوران جی  20 کی سربراہی کے موقع پر وبائی امراض سے نمٹنے کے سلسلے میں انشیٹو پیش کرچکا ہے۔ امداد کا اعلان اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ 
جی 20 کے قائدین نے اس وقت وبائی امراض سے نمٹنے کے لیے سعودی عرب کی طرف سے شروع کیے جانے والے مباحثے اور انشیٹو پر مملکت کو سراہا تھا۔
جی 20 میں شامل ممالک کے قائدین نے مشترکہ اعلامیے میں ہیلتھ سیکیورٹی کے لیے مالیاتی فنڈ کے قیام کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب نے 2020 میں جی 20 کی قیادت کے دوران اس حوالے سے ابتدائی تصور پیش کرکے قابل قدر کام کیا تھا۔
صحت سلامتی کے لیے مالیاتی فنڈ کے قیام کا مقصد کم اور درمیانے آمدنی والے ممالک و علاقوں کو مستقبل میں ممکنہ طور پر سر ابھارنے والے وبائی امراض سے بچانے کی استعداد بہتر بنانا ہے۔ 
سعودی عرب کے علاوہ مختلف ممالک، اداروں اور بغیر منافع والی عالمی تنظیموں کی جانب سے دی جانے والی امداد سے جو مجموعی طور پر 1.4 ارب ڈالر بنتی ہے۔ وبائی ڈیٹا کے حوالے سے کی جانے والی علاقائی و بین الاقوامی کوششیں کامیاب بنانے میں مدد ملے گی۔ 

شیئر: