Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان تھائی لینڈ پہنچ گئے 

ولی عہد اقتصادی سربراہ  کانفرنس میں شرکت کرنے والے اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ 
سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان جمعرات کی شب تھائی لینڈ کے سرکاری دورے پر بینکاک پہنچ گئے۔ 
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان جنوبی کوریا کا سرکاری دورہ مکمل کرکے جمعرات ہی کو تھائی لینڈ کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ اس سے قبل انہوں نے انڈونیشیا میں  جی  20 کے سربراہ اجلاس میں سعودی وفد کی قیادت کی تھی۔ 
ایئرپورٹ پہنچنے پر تھائی لینڈ کی اعلی قیادت نے اپنے سعودی مہمان کا شاندار استقبال کیا۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا اور استقبال کے لیے ایئرپورٹ پہنچے ہوئے سعودی سفارتکاروں اور تھائی لینڈ کے اعلی عہدیداروں  سے مصافحہ کیا۔ 
سعودی میڈیا شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ تھائی لینڈ میں ِزبردست دلچسپی دکھا رہا ہے۔ یہ دونوں ملکوں کے درمیان بحران کےبعد کسی اعلی سعودی رہنما کا پہلا دورہ تھائی لینڈ ہے۔
سعودی تجزیہ کار اس دورے کو اس تناظر میں لے رہے ہیں کہ یہ دونوں ملکوں کے قائدین کے یہاں باہمی تعاون اور تعلقات کو مضبوط بنانے  کے عزم کا اظہار کررہا ہے۔ 
دونوں ملک تعاون کے تمام شعبوں میں  آگے بڑھنے کے لیے پرعزم نظر آرہے ہیں اور باہمی تعلقات کو دونوں ملکوں اور ان کے عوام کے وسیع تر مفاد میں معمول پر لانا چاہتے ہیں۔ 

 ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا(فوٹو، ٹوئٹر)

سعودی ولی عہد کا یہ دورہ ایسے موقع پر ہورہا ہے جب ایشیا اور بحرالکاہل کے حوالے سے اقتصادی تعاون فورم سربراہ کانفرنس (اے پی ای  سی) 18 اور  19 نومبر کو بینکاک میں ہونے جارہی ہے۔ اس موقع پر سعودی ولی عہد اقتصادی سربراہ  کانفرنس کے اجلاسوں میں شرکت کرنے والے اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔ 

شیئر: