Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب اور جنوبی کوریا کے درمیان توانائی اور دفاع کے شعبے میں 30 ارب ڈالر کے معاہدے

کورین صدر نے سعودی عرب کو جنوبی کوریا کی معاشی اور توانائی کی سکیورٹی کے لیے ایک اہم شراکت دار قرار دیا۔ (عرب نیوز)
سعودی عرب اور جنوبی کوریا کی قیادت نے جمعرات کو دفاع، توانائی، دفاعی صنعت اور تعمیراتی شعبوں میں دوطرفہ تعلقات اور تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق سعودی عرب نے جنوبی کوریا کے ساتھ 30 ارب ڈالر مالیت کے سرمایہ کاری کے منصوبوں پر دستخط کیے۔
جنوبی کوریا کے صدر یون سک یول نے کوریا کا دورہ کرنے والے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو بتایا کہ دونوں ممالک دوطرفہ تعاون کو وسعت دے سکتے ہیں۔
انہوں نے سعودی عرب کو جنوبی کوریا کی معاشی اور توانائی کی سکیورٹی کے لیے ایک اہم شراکت دار قرار دیا۔
یون سک یول کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کورین کمپنیاں سعودی عرب میں نیوم سمارٹ سٹی جیسے پراجیکٹس پر کام کریں گی۔‘
بیان کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا کہ وہ جنوبی کوریا کے ساتھ دفاعی صنعت، انفراسٹرکچر اور تعمیراتی شعبوں میں تعاون بڑھانا پسند کریں گے۔
فیڈریشن آف سعودی چیمبرز کی رپورٹ کے مطابق سعودی کورین جوائنٹ کمیٹی اور سعودی کورین ویژن 2030 میں مختلف شعبوں میں 40 پراجیکٹس شامل ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ پانچ برس میں دو طرفہ تجارت کے حجم میں بتدریج اضافہ ہوا جو 12.5 ارب ڈالر تھا۔
2021 میں دو طرفہ تجارت ایک سو ارب سعودی ریال رہی جس میں سے 87 ارب ریال کی برآمدات تھیں اور 13 ارب ریال درآمدات شامل تھیں۔
اس سے قبل جنوبی کوریا کی وزارت صنعت نے کہا تھا کہ کورین کمپنیوں سام سنگ سی اینڈ ٹی اور پوسکو ہولڈنگز نے سعودی عرب کے ساتھ توانائی، ریلوے، کیمیکلز، فارماسوٹیکل اور گیمنگ کے شعبوں میں 20 معاہدے کیے تھے۔

شیئر: