Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کووڈ پالیسی ایک کھیل ہے‘، چین میں حکومت مخالف احتجاجی لہر

اتوار کی شب چین کے شہر شنگھائی میں سینکڑوں مظاہرین نے احتجاج کیا ہے (فوٹو: روئٹرز)
چین کے مختلف شہروں میں ہونے والے احتجاج تیسرے دن میں داخل ہو چکے ہیں اور شہری حکومت کی سخت گیر کووڈ پالیسی کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اتوار کی شب چین کے شہر شنگھائی میں سینکڑوں مظاہرین نے احتجاج کیا ہے۔
چین میں احتجاجوں کا یہ سلسلہ 24 نومبر کے ایک واقعے کے بعد شروع ہوا جب چین کے شمال مغربی علاقے سنکیانگ کی ایک رہائشی عمارت میں آگ لگنے سے 10 افراد ہلاک جبکہ نو زخمی ہو گئے تھے۔
چینی حکومت کی وائرس پر قابو پانے کی سخت پالیسیوں نے لاکھوں افراد کو گھروں تک محدود کر رکھا ہے۔ صدر شی جن پنگ کی حکومت کو اس کی ’زیرو کووڈ پالیسی‘ کی وجہ سے عوامی غصے کا سامنا ہے۔
واضح رہے کہ چین کے صدر شی جن پنگ نے ایک دہائی قبل جب سے حکومت سنبھالی ہے، ملک میں سول نافرمانی کی ایسی لہر نہیں دیکھی گئی۔
ایک ایسے وقت میں جب دنیا میں کووڈ سے متعلق پابندیوں میں نرمی کی جا رہی ہے، چین بدستور سخت پالیسی اپنائے ہوئے ہے جس کی وجہ لوگوں میں بے چینی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ دنیا کی دوسری بڑی معیشت سمجھنا جانے والا ملک معاشی دباؤ میں بھی ہے۔
روئٹرز کے مطابق شنگھائی میں ہونے والے احتجاج میں شامل ایک شہری شان ژیاؤ  نے کہا کہ ’میں یہاں اس لیے آیا ہوں کہ میں اپنے ملک سے محبت کرتا ہوں لیکن اس حکومت کو پسند نہیں کرتا۔ میں باہر آزادی سے چلنا پھرنا چاہتا ہوں لیکن بے بس ہوں۔‘
’ہماری کووڈ پالیسی ایک کھیل ہے۔ یہ کسی حقیقت یا سائنسی بنیاد پر استوار نہیں ہے۔‘

شنگھائی کے علاوہ ووہان، چینڈکو سمیت کئی شہروں میں مظاہرے ہوئے (فوٹو: روئٹرز)

اتوار کو شنگھائی کے علاوہ ووہان، چینڈکو سمیت کئی شہروں میں مظاہرے ہوئے اور کچھ یونیورسٹیوں کے طلبہ بھی ہفتے کے آخر میں احتجاجی مظاہروں میں شریک ہوئے۔
بعدازاں پیر کی صبح بیجنگ میں دریائے لیگانگما کے کنارے واقع رنگ روڈ تھری پر کم از کم ایک ہزار مظاہرین احتجاج کے لیے جمع ہوئے اور انہوں نے وہاں سے ہٹنے سے انکار کر دیا۔
وہاں کچھ ایسے نعرے لگے کہ ’ہم ماسک نہیں آزادی چاہتے ہیں۔ہمیں کووڈ ٹیسٹ نہیں آزادی چاہیے۔‘

چین میں کووڈ کیسز کی صورت حال

حکومت  مخالف مظاہروں کے سلسلے کے دوران پیر کو چین میں کووڈ کے 40 ہزار 52 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو کہ نئے کیسز کی شرح کے حوالے سے ایک ریکارڈ ہے۔
اس سے ایک دن قبل اتوار کو کووڈ کیسز کی تعداد 39 ہزار پانچ سو چھ تھی۔

شیئر: