Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایمان احمد کوممبئی سے امارات منتقل کردیاگیا

دنیا کی سب سے بھاری بھرکم خاتون کا وزن 330کلو گرام رہ گیا

 
 
ابوظبی:دنیا کی وزنی ترین خاتون ایمان احمد کو جمعرات کو ممبئی سے متحدہ عرب امارات منتقل کردیا گیا۔ مصر سے جب ہند لایا گیا تھا تو اس وقت انکا وزن 500کلو گرام تھا جو اب کم ہوکر 330کلو گرام رہ گیا ہے۔ انکی بہن شائمہ سیلم نے کہا کہ ابوظبی کے اسپتال نے کہا ہے کہ انکی بہن کا علاج ایک سال تک چلے گا جبکہ ڈاکٹر انکے وزن کی کمی کیلئے بھی کوشاں رہیں گے۔ 36سالہ ایمان احمد کو خاص طور پر تیار کردہ ایمبولینس کے ذریعے ممبئی ایئرپورٹ لیجایاگیا جہاں وہ اسپیشل ایئر بس 300سے ابوظبی روانہ ہوئیں۔9ڈاکٹروں، نرسوں اور طبی عملے کی ٹیم انکے ہمراہ تھی۔ بی پی ایس ہیلتھ کیئر اسپتال کے ایک ترجمان نے کہا کہ ہم نے خصوصی طیارے کا انتظام کیا ہے کیونکہ عام طیاروں کے دروازے اتنے چوڑے نہیں ہوتے۔سیفی اسپتال کی ڈاکٹر اپرنا نے کہا کہ ایمان کی صحت پرواز کیلئے مناسب تھی اور انہیں کسی خاص تیاری کی ضرورت پڑی۔ انہیں صرف ٹیوب سے خوراک دینا پڑیگی کیونکہ فالج کی وجہ سے انکی گردن متاثر ہے۔ایمان کے ڈاکٹر مفضل لاکھڑا والا نے کہا کہ وزن میں کمی بڑی کامیابی ہے۔ جب ہر چیز مکمل ہوجائیگی تو ہم اس معاملے کو طبی دستاویز کی شکل دیں گے تاکہ یہ موٹے لوگوں کیلئے ریفرنس کا کام دے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ علاج کے دوران بعض ایسے مواقع بھی آئے جب یہ بات یقینی نہیں تھی کہ آیا وہ واپس مصر بھی جاسکیں گی۔انکی دیکھ بھال کرنے والی نرس نے کہا کہ 3ماہ میں ، میں خود بھی ان سے عربی کے چند الفاظ سیکھ چکی ہوں۔ انکی بہن مجھے عربی پڑھاتی تھیں لیکن بیشتر اوقات ہم اشاروں سے کام لیتے تھے۔
 
 
 
 
 
 
 
 

شیئر: