Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب نے مصری سینٹرل بینک میں ڈیپازٹ 5 ارب ڈالر کی میعاد میں توسیع کردی

یہ فیصلہ دونوں ملکوں کے برادرانہ اور تاریخی تعلقات کے پیش نظر کیا گیا ہے(فوٹو روئٹرز)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اورولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایت پر مصر کے سینٹرل بینک میں ڈیپازٹ 5 ارب ڈالر کی میعاد میں توسیع کی گئی ہے۔ یہ فیصلہ دونوں ملکوں کے برادرانہ اور تاریخی تعلقات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ 
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی عرب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مصری معیشت کے استحکام کی خاطر فیاضانہ تعاون کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ 
مصر میں اقتصادی اصلاحات پرعمل درآمد کے باعث ترقی کے امکانات ہیں۔ مصر نے پرائیویٹ سیکٹر کے فروغ اور مسابقت کی اس کی اہلیت بڑھانے کے لیے مختلف اصلاحات کی ہیں۔ 
سعودی عرب اور مصر کے متعلقہ ادارے مختلف طریقوں سے تعاون کو فروغ دے رہے ہیں۔ خصوصا زرمبادلہ کے حوالے سے مصری مارکیٹ میں مختلف قسم کی سرمایہ کاری کی سرگرمیوں پر بھی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ اسی تناظر میں مصر کے سینٹرل بینک میں سعودی ڈیپازٹ کی میعاد میں توسیع کی گئی ہے۔
امید کی جارہی ہے کہ اس کی بدولت علاقائی وبین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ فنڈنگ کے نئے چینل کھلیں گے۔عالمی مالیاتی فنڈ کے ساتھ معاہدے کو منطقی انجام تک پہنچانے میں سہولت ہوگی۔
سعودی حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ’ سعودی مدد کا دائرہ مصر کے سینٹرل بینک میں رقم ڈیپازٹ تک ہی محدود نہیں بلکہ مصرمیں مزید اقتصادی ترقی کی خاطر سعودی عرب کے سرکاری و پرائیویٹ سیکٹر کی جانب سے بھاری سرمایہ کاری بھی ہورہی ہے۔ سعودی عرب مصر کے مختلف ترقیاتی شعبوں میں مزید سرمایہ کاری کے لیے بھی پرعزم ہے‘۔ 

شیئر: