Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض:پاکستان انٹر نیشنل اسکول انگلش سیکشن کے طلبہ کے اعزاز میں تقریب

تعلیمی اداروں کے لیے باعثِ فخر دن وہ ہوتا ہےجب ان کے طلبا ملک و قوم کا نام پوری دنیا میں روشن کرتے ہیں۔اسی سلسلے میں ایک تقریب سفارت خانہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے زیرِ سایہ پاکستان انٹرنیشنل اسکول انگلش سیکشن ریاض کی طرف سے منعقدکی گئی جس کے مہمانِ خصوصی قائم مقام سفیرِپاکستان  عزت مآب و ڈپٹی ہیڈ آف مشن عزت مآب جناب حسن وزیر صاحب اوراُن کی اہلیہ،مہمانانِ گرامی میں  لنک افسراسکول ہذاعزت مآب جناب سردار محمد خٹک  ،ویلفیئر اتاشی ،چیئر مین اسکول مینجمنٹ کمیٹی سلطان ایوب میو صاحب ،  وائس چیئر مین رانا سرفراز صاحب،جنرل سیکرٹری عاطف ریاض خواجہ صاحبو اراکین اور پرنسپل اسکول محمد تنویر صاحب معہ بیگمات   تشریف فرما تھے۔ تقریب میں کثیر تعداد میں والدین اور کمیونٹی کی سرکرداں شخصیات اور صحافی برداری نے بھی شرکت کی۔
تقریب کی نظامت  کے فرائض  طلبا میں سے موحید عابد اور تحریم فاطمہ اور اساتذہ میں سے غلام مجتبیٰ اور صائمہ نورین نے  ادا کیے۔ تقریب  منتظم  ناظم امتحانات محمد نعیم اختر تھے۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت ِ قرآن پاک اور ترجمہ سے ہوا ۔ اسکول پرنسپل محمد تنویر صاحب نے سپاس نامہ پیش کیا  اور کہا کہ آج کا دن اسکول ، طلبا اور اُن کے والدین کے لئے قابل فخر دن ہوتا ہے ۔اسی دن کو با معنی  و  حاصل ِ مقصد بنانے کے لیے ہم یہاں مجتمع ہوئے۔ طلبا کی خوشی ہماری خوشی ہے۔
 انہوں نے اسکول کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے طلبا کو خراجِ تحسین پیش کیا اورکہا کہ تعلیمی خدمات میں طلبا کی شان دار کامیابی نہ صرف امسال بلکہ روایات کی آئینہ دار رہی۔یقیناً یہ کامیابی اساتذہ کی محنت ، والدین کی دعاوؤں ، اسکول انتظامیہ کی بہترین تعلیمی پالیسی، صدر شعبہ ہائے جات، کوآرڈینیٹرز اور اسکول مینیجمنٹ کی بھر پور محنت کا ثمر ہے جن سے آج ہم استفادہ کر رہے ہیں اور فرحاں و شاداں ہیں۔
اسکول میں طلبہ کو بہترین تعلیمی ماحول میسر ہے۔گرلز ونگ اور بوائز ونگ کی اپنی اپنی تین تین  جدید سائنس لیبارٹریز ہیں، بہترین لائیبریری،کمپیوٹرز  کی تعلیم کے لیے جدید ترین کمپیوٹرز ہیں۔ بیرونی امتحان کے لیے طلبہ کو  ہر سال اضافی کلاسز  میں بلا معاوضہ  راہنمائی دی جاتی ہے۔
نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں پر بھی بھر پور توجہ دی جاتی ہے۔  امسال بھی ہمارے  بین المدارس سپیلنگ مقابلوں میں  اول اور دو دوم پوزیشنز حاصل کی۔تمام مشاہیر  اور وطن سے محبت دن بڑے جوش وخروش سے منائے جاتے ہیں اور طلباء کو اِن ایام کی اہمیت   سے آگاہی فراہم کی جاتی ہے۔مختلف شعبۂ ہائے زندگی اور علوم کے ماہرین  کو اسکول میں دعوت دی جاتی  ہے اور وہ اساتذہ اور طلبہ کو اپنی تعلیمی قابلیت  و صلاحیتوں کو جِلا بخشنے اور عملی زندگی میں کامیابی کے زینے طے کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر  گرلز سیکشن میں طالبات میں اپنی اور اپنے خاندان کی صحت کے لیے بریسٹ کینسر  کے حوالے سے  ایک سیمینار کا اہتمام کیا گیاجسے  طالبات اور والدین نے انتہائی صحت مندانہ اور مثبت قرار دیا۔ اُردو و انگریزی زبان میں مباحثے، تمام طلبا  کے اظہار خیال کے لیے  ہر ماہ کلاس میں تقاریر کے مقابلے و  ایک موضوع پر اپنا مافی الضمیر  بیان کرنے کا موقع فراہم کیا جاتا ہے۔ جس کے انتہائی مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ طلباکو  تعلیمی وتفریحی  دورے بھی کرائے جاتے ہیں۔امسال بھی طلبا کو ریاض سے باہرکیمپ کا تین روزہ  دورہ کروایا گیا۔کھیلوں کے سالانہ مقابلے بڑے بھر پور انداز میں منعقد کروائے جاتے ہیں۔ علاوہ ازیں  انٹرنیشنل سکولز سپورٹس لیگ ریاض میں بھی اسکول ہذا کی کارکردگی  ہمیشہ قابل ستائش رہی ہے۔اسکول ہذا کا طالب علم سعود رئیس اس سال کا سب سے بہترین اتھلیٹ قرار پایا۔
انہوں نے نتائج کا حوالے دیتے ہوئے کہا  کہ امسال بھی اسکول کے داخلی اور بیرونی امتحان ہمیشہ کی طرح شاندار رہے۔ جو اسکول ، طلبا ، والدین ، اور ملک و قوم کے لیے باعث فخر ہیں۔  اللہ تعالیٰکے فضل و کرم سے ہمیشہ کی طرح امسال  بھیپاکستان  انٹرنیشنل اسکول ریاض سیکشن انگلش   کے اے لیولایڈیکسل کے امتحان زیر  نگرانی برٹش کونسل میں ورلڈ رینکنگ       میں  پہلے نمبر پر رہا۔  اسکول ہذا کے طالب علم حمزہ حامد حسیناور لائبہ ارشد خان نے  ریاضی میں  دنیا بھر میں پہلی   پوزیشن  حاصل کی ،   اس کے علاوہ  مبشرہ علی نےبزنس سٹڈی میںتیسری،  عبدالرحمنٰ مصطفی نے  کیمیا  اور حیاتیات میں چوتھی ،  زینب طارق سومرو نے  ریاضی میں چوتھی، سید وہا جاحمد  نے طبیعات میں چوتھی اور کیمیا میں پانچویں  پوزیشنحاصل کی۔یاد رہے کہ گذشتہ سال بھی   طلبانے فزکس میں دنیا بھر میں پہلی پوزیشن حاصل  کیتھی۔
 انہوں نے کہا  کہ پاکستان انٹرنیشنل اسکول ریاض انگلش سیکشن کمیونٹی کے لیے مینارہ نور کی حیثیت رکھتا ہے اور طلبہ اس کے درخشندہ ستارے ہیں جس  کی لو سے  استفادہ کرکے طلبہ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا میں اپنی پیشہ وارانہ ذ ہ داریوں کو دیانت  داری سے  نبھاتے ہوئے وطن عزیز کا نام روشن کر کرہے ہیں۔
انہوں نے مہمانِ خصوصی، مہمانانِ گرامی، چییرمین اسکول  مینجمنٹ کمیٹی، اساتذہ ، کوآرڈینیٹرز،  صدر شعبہ ہائے جات ،ناظم امتحانات ،فیزیکل انسٹرکٹر اورسپورٹنگ سٹاف کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔
ننھے منےّ بچوں نے رنگا رنگ ٹیبلو کی صورت میں خوش آمدید کہا  جوابا ًتمام مہمانوں نے ننھے بچوں کو دل کھول کر داد دی۔اس کے بعد کے جی جماعت کے بچوں نے  ماں کی عظمت پر خاکہ پیش کیا  اور حاضرین کو آب دیدہ کر دیا  اور پردیس میں ماں کی یاد کو تازہ  کر دیا۔
تقریب کے اہم اور بنیادی مقصد کی طرف بڑھتے ہوئے انعام یافتگان طلبا میں انعامات تقسیم کرنے کا مرحلہ شروع ہوا تو سب سے پہلے اسکول کے داخلی امتحانات  کے تمام سیکشنز میں اوّل پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا کو شیلڈز اور اسناد سے نوازا گیا۔
والدین کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئےان کے روشن مستقبل  کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔
جونیئر ونگ کے خوبصورت بچوں نے خوبصورت لباس میں  اپنےپیارے وطن سے اظہارِ محبت اور احساسِ حب الوطنی بیدار کرنے کے لیے ملی نغمہ’’  یہ وطن  تمہارا ہے ،تم ہو پاسبان اس کے‘‘ کو رنگا رنگ انداز میں ٹیبلو پیش کیا ۔جسے حاضرین نے بہت سراہا۔
اس کے بعد آئی جی سی ایس ای (IGCSE) امتحان میں بہترین نتائج دینے والے طلبا میں انعامات تقسیم کیے گئے۔
بوائز ونگ کی نمائندگی کرتے ہوئے  طلبا نے ولولہ انگیز ملی نغمہ‘‘ شکریہ پاکستان ‘‘  پیش  کرکے دلوں کو گرمایا ۔
اسکول طلبا کی نمائندگی کرتے ہوئے  طالب علم سعود رئیس اور طالبہ عائشہ حنیف راؤ نے کہا کہ ہم نے اس اسکول سے بہت کچھ سیکھا۔ ہمارے لیے اس اسکول میں  گزرا ایک ایک لحمہ قیمتی تھا۔ہم اس بہترین  تعلیم و تربیت پر اپنے پرنسپل  اور اساتذہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ اور اُن کو سلام پیش کرتے ہیں۔
 انعامات کی آخری کڑی  میں دنیا بھر میں نمایاں پوزیشن لینے والے طلبا میں شیلڈز اور اسناد تقسیم کی گیئں۔ اور اساتذہ  کوبھی اُن کی بہترین کارکردگی پر شیلڈ سے نوازا گیا جن کی شبانہ روز محنت سے طلبا نے دنیا میں اسکول ہذا اور پاکستان کا نام روشن کیا۔ اساتذہ میں سے  محترم اعزاز احمد خان روحیلہ صاحب کو ریاضی میں، محترم محمداشتیاق  صاحب  کو  کیمیا، ڈاکٹر ندیم اقبال اعوان صاحب کو بیالوجی میں،روبینہ اعزاز ریاضی، اصفیہ  رحمان آ ئی سی ٹی، عائشہ عمیر انگلش میں ۔
چیئرمین اسکول مینیجمٹ کمیٹی ڈاکٹر سلطان ایوب میؤنے خطاب کرتے ہوئے ، کمیٹی کے ارکان، والدین ، اساتذہ ، طلبا کو  خوش آمدید کہا۔ الحمداللہ اسکول اساتذہ کی تربیت اور طلبا کی محنت نے ہمیں، والدین، اور پاکستان کی شہرت و عزت کو چار چاند لگا دئیے ہیں۔ دنیا بھر میں ہمارے طلبا کو اُن کے بہترین رزلٹ پر داخلہ با آسانی مل جاتا ہے، پاکستان میں 76 یونیورسٹیز میں انٹری ٹیسٹ میں امسال بھی ہمارے طلبا ہی پہلی پوزیشن پر رہے اور اُن کو میڈیکل اور انجینرنگ میں اپنی مرضی کی یونیورسٹی میں داخلے ملے۔ جب میں ریاض کے دیگر اسکول کا دورہ کرتا ہوں تو ہمیشہ محسوس کرتا ہوں کہ ہمارا اپنا اسکول نہ صرف ریاض  بلکہ مملکت کا سب سے بہترین تعلیمی ادارہ ہے۔مجھے یقین ہے کہ ہمارے اساتذہ اور اسکول انتظامیہ کی شبانہ روز محنت سے انہیں طلبہ میں سے نوبل انعام یافتہ ضرور بنیں گے۔ انہوں نے طلبا کو نصیحت کرتے ہوئے کہا  وہ اپنی آگے کی تعلیم میں سائنس مضمون کو لے کر چلیں، وائٹ کالر انڈسٹری  کی فیلڈ چنیں اور ملک و قوم کی خدمت کو مقدم رکھیں۔انہوں نے کہا ہم سے جو ہو سکتا ہے ہم پوری ایمانداری سے اسکول کی ترقی کے کوشاں ہیں۔
تقریب کا آخری خطاب قائم مقام سفیر اسلامی جمہوریہ پاکستان جناب حسن وزیر صاحب  کا تھا۔ انہوں نے اسکول انتظامیہ، پرنسپل، اساتذہ  کا شکریہ ادا کیاکہ اس  پروگرام کو  اتنے اچھے انداز میں  منعقد کیا۔اسکول کے نتائج سن کر میں بہت متاثر ہوا ہوں۔آپ سب اس کے لیے یقیناً مبارکباد اور شاباش کے مستحق ہیں۔   اور سب سے بڑھ کر یہ اسکول نہ صرف طلبہ کو تعلیم کے میدان میں بھر پور معاونت فراہم کرتا بلکہ شخصیت سازی پر بھی یہاں بھر پور توجہ دی جاتی ہے۔
انہوں نے طلبا کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ عملی زندگی میں ہمیشہ عزت، دیانت ، غریبوں کی مدد  اور اپنے ملک کے وقار کو مقدم رکھنا۔آپ مستقبل کے معمار ہو۔ ایسی زندگی بسر کرنا جو شکایت  کرنے کےعمل سے پاک ہو بلکہ کچھ کر گزرنے  کے جنون پر مشتمل ہو،اور معاشرے کا فعال رکن بننا۔
انہوں نے والدین کے نام پیغام میں کہا کہ اپنے بچوں کی روزی روٹی کی فکر میں سرکرداں ہونے کے ساتھ ساتھ اُن کو وقت بھی ضرور دیں۔ اپنے بچوں کی ڈانٹ ڈپٹ نہیں بلکہ حوصلہ افزائی کریں۔ انہیں پیار و عزت دیں۔ اُن کے اساتزہ کی قدر ان کے دل میں راسخ کریں ، کیونکہ یہ وہ اساتذہ ہیں جنہوں نے آپ کے بچوں کی خاطر اپنے بچوں کا وقت قربان کر کھا ہے اور آپ کو علم کی دولت سے متعارف کروایا۔میں اساتذہ کا تہہ دل مشکور ہوں اور  دعا گو ہوں  کہ اللہ آپ کو صحت و ہمت سے اسی طرح نوازے رکھے۔انہوں نے ایک بار پھر اسکول مینجمنٹ کمیٹی ، اسکول انتظامیہ ، پرنسپل، اساتذہ اور طلبا کو اس علم پروری پر شکریہ ادا کیا اور مبارکباد دی۔
قائم مقام سفیر پاکستان کو اسکول مینیجمنٹ کمیٹی اور اسکول کی طرف سے یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔ تقریب کے اختتام میں پاکستان کے قومی ترانے کو با احسن انداز میں پیش کیا گیا۔ تقریب کے اختتام پر پُر تکلف عشائیہ کا اہتمام کیا گیا تھا۔  حاضرین نے بعد ازں مختلف  قومی و بین الاقوامی نیوز چینلز پر اظہار خیالات کرتے ہوئے اسکول کی کارکردگی کو شاندار قرار دیا اور پاکستان انٹرنیشنل کو دنیا کا بہترین ادارہ ، اور اسکول انتظامیہ اور اساتذہ کو پرخلوص سلام پیش کیا۔

 

 

 

 
 

شیئر: