حج پروازوں کے التوا کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، ترجمان مذہبی امور
ترجمان کے مطابق وزارت کی جانب سے حج انتظامات معمول کے مطابق مکمل کیے جا رہے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ کشیدہ صورتحال کے باعث حج پروازوں کے شیڈول کی معطلی سے متعلق خبروں کی تردید کی ہے۔
اتوار کو وزارت کے ترجمان نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ ’ان اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں اور حج 2026 کے تمام انتظامات طے شدہ شیڈول کے مطابق جاری ہیں۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ بعض ذرائع ابلاغ میں مشرقِ وسطیٰ کی کشیدگی کے تناظر میں حج پروازوں کے التوا یا شیڈول کی معطلی سے متعلق خبریں شائع کی گئی ہیں، تاہم ایسی اطلاعات بے بنیاد اور حقیقت کے منافی ہیں۔
ترجمان کے مطابق وزارت کی جانب سے حج انتظامات معمول کے مطابق مکمل کیے جا رہے ہیں۔
’اس وقت عازمین حج کے ویزوں کے اجرا اور دیگر ضروری انتظامات کا عمل پوری تندہی کے ساتھ جاری ہے۔ وزارتِ مذہبی امور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے متحرک ہے کہ عازمین کی روانگی سے متعلق تمام مراحل بروقت مکمل ہو سکیں۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ حج پروازوں کے شیڈول کا باضابطہ اعلان عید الفطر کے بعد کیا جائے گا۔
اس موقع پر عازمین کو ان کی حج پروازوں، مکہ اور مدینہ میں رہائش، مکاتب اور دیگر انتظامات سے متعلق مکمل تفصیلات فراہم کر دی جائیں گی تاکہ وہ اپنی روانگی کی تیاری اطمینان کے ساتھ کر سکیں۔
وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان نے عازمین حج سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ خبروں اور افواہوں پر توجہ نہ دیں اور حج سے متعلق معلومات کے لیے صرف وزارتِ مذہبی امور کے جاری کردہ سرکاری اعلانات اور مستند ذرائع پر ہی اعتماد کریں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے حج 2026 کے تمام انتظامات بروقت اور مؤثر انداز میں مکمل کیے جا رہے ہیں تاکہ عازمین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔
