Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روسی حملوں میں اضافہ، یوکرین کی فضائی دفاعی نظام فراہم کرنے کی اپیل

روسی حملوں میں اضافے کے باعث یوکرینی مہاجرین کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ فوٹو: روئٹرز
یوکرین کے وزیراعظم نے روسی حملوں کا مقابلہ کرنے کے لیے پیٹریاٹ میزائل اور اعلٰی ٹیکنالوجی سے لیس دیگر فضائی دفاعی نظام فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق وزیراعظم ڈینیز شمیہال نے ایک انٹرویو میں کہا کہ بجلی گھروں اور دیگر انفراسٹرکچر پر روسی حملوں کے تسلسل سے یوکرینی مہاجرین کی ایک نئی لہر پیدا کر کے یورپ کو دلدل میں دھکیلا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ روس کی جانب سے مزید حملوں کے خلاف دفاع کے لیے ضروری ہے کہ یوکرین کو زمین سے فضا میں مار کرنے والے پیٹریاٹ میزائل جیسا اہم نظام فراہم کیا جائے۔
یوکرینی وزیراعظم ڈینیز شمیہال نے جرمنی اور فرانس سے بھی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ فضائی دفاعی نظام کے علاوہ گولہ بارود اور جدید جنگی ٹینک بھی فراہم کریں۔
دوسری جانب پولینڈ کے صدر نے بھی مہاجرین کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک پہلے ہی روسی حملوں اور شدید سردی کے باعث یوکرینیوں کی نقل مکانی اور مہاجرین کی تعداد میں اضافے سے نمٹ رہا ہے۔
جرمنی کے صدر کے ساتھ برلن میں ملاقات کے بعد پولینڈ کے صدر ایندرزج دودا نے کہا کہ پولینڈ میں مہاجرین کی تعداد تیس لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے۔

 یوکرین نے روسی حملوں کے خلاف پیٹریاٹ میزائل فراہمی کی اپیل کی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

امریکی حکام بھی روسی حملوں کے خلاف فضائی دفاع کے لیے پیٹریاٹ میزائل یوکرین کو فراہم کرنے کا عندیہ دے چکے ہیں، تاہم کسی اور ملک نے اس قسم کی پیشکش ابھی تک نہیں کی۔
تاہم امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے پریس سیکریٹری بریگیڈیئر جنرل پیٹ رائیڈر نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ فی الحال یورکین کو اعلٰی ٹیکنالوجی سے لیس پیچیدہ دفاعی نظام فراہم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
خیال رہے کہ رواں سال فروری میں روس کے یوکرین پر حملوں کے بعد لاکھوں کی تعداد میں یوکرینی شہری دیگر ممالک میں پناہ لیے ہوئے ہیں جبکہ ہزاروں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
پیر کو ایک مرتبہ پھر روسی افواج نے شیلنگ کرتے ہوئے جنوبی اور مشرقی علاقوں کو نشانہ بنایا جن پر روس نے غیرقانونی طور پر قبضہ کرتے ہوئے ضم کیا ہوا ہے۔

شیئر: