Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاہور میں سموگ: مارکیٹیں رات 10 بجے بند کرنے کا حکم

سموگ کے حوالے دائر درخواست پر سماعت بدھ کو لاہور ہائیکورٹ میں ہوئی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
لاہور ہائیکورٹ نے سموگ کی وجہ سے شہر میں تمام مارکیٹوں اور ریستورانوں کو رات 10 بجے بند کرنے کا حکم دیا ہے جبکہ جمعے کو کھلنے والے سکولوں کو سیل کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔
بدھ کو سموگ کے تدارک کے حوالے سے دائر درخواست پر سماعت جسٹس شاہد کریم فاروق کی عدالت میں ہوئی۔
سماعت کے دوران عدالت کی جانب سے ہدایت کی گئی کہ جمعے، سنیچر اور اتوار کو مارکیٹس اور ریستوران رات 11 بند کیے جائیں۔
اس موقع پر عدالت کو بتایا گیا کہ سموگ کے تدارک کے حوالے سے عدالت نے پہلے جو احکامات جاری کیے تھے۔ ان پر عملدرآمد کی بدولت صورت حال میں بہتری آئی ہے۔
محکمہ ایجوکیشن سے احکامات پر سختی عملدرآمد کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے عدالت نے کہا کہ جو سکول جمعے کو کھلیں ان کو سیل کر دیا جائے۔
عدالت نے متعلقہ حکام سے کہا کہ ہدایات پر عملدرآمد کی مانیٹرنگ بھی کی جائے۔
خیال رہے لاہور میں کئی روز سے شدید سموگ کا سلسلہ جاری ہے۔
لاہور ہائیکورٹ میں سموگ کے معاملے پر پچھلی سماعت سات دسمبر کو ہوئی تھی اس موقع پر نجی ملازمین کی ڈیوٹی کے طریقہ کار اور سکولوں کی چھٹیوں کے نوٹیفیکیشنز عدالت میں پیش کیے گئے تھے۔
ملازمین کے ڈیوٹی نوٹیفیکیشن میں بتایا گیا تھا کہ نجی کمپنیوں اور اداروں سے وابستہ افراد جمعے اور سنیچر کو گھر سے کام کریں گے اور اس روز ہی سے اس حکم کا اطلاق ہوا تھا۔
نوٹیفیکیشن میں یہ بھی بتایا گیا تھا کہ نجی اداروں کے ملازمین عدالتی حکم کے مطابق 15 جنوری تک گھروں سے کام کریں گے۔
اسی طرح سیکریٹری سکول ایجوکیشن پنجاب نے سکولوں کی چھٹیوں کا نوٹیفیکیشن بھی عدالت میں پیش کیا تھا۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق سموگ کے خاتمے تک لاہور کے سرکاری و نجی تعلیمی ادارے جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو بند رہیں گے۔

شیئر: