Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

توقعات کے برعکس پاکستان کے سٹیٹ بینک کا شرح سود برقرار رکھنے کا فیصلہ

سنہ 2024 کے وسط سے اب تک شرح سود میں 1,150 بیس پوائنٹس کی کمی آئی ہے۔ فائل فوٹو: اے پی پی
پاکستان میں مرکزی بینک نے پالیسی ریٹ ساڑھے دس فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق پیر کو پاکستان کے سٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی کمیٹی نے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا جو مارکیٹ کی توقعات کے برعکس تھا جہاں یہ خیال کیا جا رہا تھا کہ مزید کمی ہوگی۔
فیصلے کا اعلان سٹیٹ بینک کے سربراہ جمیل احمد نے کراچی میں پریس کانفرنس میں کیا۔
مانیٹری پالیسی کمیٹی کے اجلاس سے قبل کیے گئے روئٹرز کے سروے میں افراط زر میں کمی، غیرملکی زرمبادلہ کے مضبوط ذخائر اور روپے کے مستحکم ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے 50 بیس پوائنٹس کی کٹوتی کی توقع تھی۔
دسمبر میں حیرت انگیز طور پر 50 بیس پوائنٹس کی کٹوتی کی گئی تھی۔ اس سے قبل ہونے والے چار اجلاسوں میں پالیسی ریٹ کو برقرار رکھا گیا تھا۔
سنہ 2024 کے وسط سے اب تک اس میں 1,150 بیس پوائنٹس کی مجموعی کمی آئی ہے۔ اس سے قبل 2023 میں شرح سود 22 فیصد کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی تھی۔
سٹیٹ بینک نے اپنے مانیٹری پالیسی بیان میں کہا کہ ’کمیٹی نے قیمتوں کے استحکام کو یقینی بنانے اور پائیدار اقتصادی ترقی کو سپورٹ کرنے کے لیے پالیسی ریٹ کو موجودہ سطح پر برقرار رکھنا دانشمندی سمجھا۔‘
پالیسی سازوں نے کہا کہ اقتصادی سرگرمیاں توقعات سے زیادہ تیزی سے ہو رہی ہیں جو زیادہ تر ڈومیسٹک شعبے پر مبنی ہیں جبکہ بڑھتی ہوئی درآمدات اور کمزور برآمدات کی وجہ سے تجارتی خسارہ بڑھ گیا ہے۔
اقتصادی ماہر احمد نے روئٹرز کو سروے میں بڑے پیمانے پر مینوفیکچرنگ آؤٹ پٹ، کاروبار اور صارفین کے اعتماد کو بہتر بنانے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ مرکزی بینک نے عارضی طور پر مالی سال 26 کی پہلی سہ ماہی میں 3.7فیصد سال بہ سال حقیقی جی ڈی پی نمو دکھائی جبکہ اپنی پورے سال کی نمو کی پیشن گوئی کو 3.75–4.75فیصد کی حد تک بڑھا دیا۔
’اے کے ڈی‘ میں سرمایہ کاری کے تجزیہ کار اور سروے میں حصہ لینے والے محمد علی نے کہا تھا کہ ممکنہ طور پر مرکزی بینک مہنگائی کے رجحانات کا جائزہ لینے کے لیے شرح سود اس بار برقرار رکھے گا۔
انہوں نے کہا تھا کہ ’ہم توقع کرتے ہیں کہ مرکزی بینک جاری مالی سال کے بقیہ حصے میں پالیسی ریٹ 10.5 فیصد پر برقرار رکھنے کو ترجیح دے گا۔‘

 

شیئر: