Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی سکیم کے تحت فارغ التحصیل 687 یمنی طلبہ کی گریجویشن تقریب

پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو بہتر معیار زندگی کی کوششوں میں مدد کرنا ہے( فوٹو ایس پی اے)
یمن کے گورنریٹ عدن میں ’یمنی نوجوانوں کے لیے مستقبل کی تعمیر کی سکیم‘ سے تقریباً 687 نوجوان طلبہ فارغ التحصیل ہوئے ہیں جس کی مالی اعانت سعودی ڈیولپمنٹ اینڈ ری کنسٹرکشن پروگرام برائے یمن (یس ڈی آر پی وائی) اور الولید ہیومینٹیرین فاؤنڈیشن نے فراہم کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق گریجویشن تقریب میں سعودی ڈیولپمنٹ اینڈ ری کنسٹرکشن پروگرام برائے یمن کے نمائندوں اور کئی سرکاری افسران نے شرکت کی۔
یمن فاؤنڈیشن فار ٹریننگ اینڈ ایمپلائمنٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر امین القادری نے پروگرام میں تعاون کرنے والے تمام افراد کی کوششوں کے ساتھ ساتھ اس سکیم سے مستفید ہونے والوں کے عزم کی بھی تعریف کی۔
عدن میں سعودی ڈیولپمنٹ اینڈ ری کنسٹرکشن پروگرام برائے یمن کے دفتر کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد ال یحییٰ نے کہا کہ ’یہ پروگرام تنظیم کے منصوبوں، انیشیٹوز اور مختلف شعبوں میں اس کی کوششوں کا حصہ ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ’ یہ پروگرام مہارت کی منتقلی، قابلیت کی ترقی اورنوجوانوں کو بہتر معیار زندگی حاصل کرنے میں مدد فراہم کر رہا ہے‘۔
اس پروگرام نے روزگار کی تلاش میں نوجوانوں کو ہدف بنایا اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں ان کی رہنمائی کی۔
اس پروگرام میں بہت سی تربیتی ورکشاپس شامل تھیں جنہوں نے مہارتوں کو بڑھانے، اپرنٹس شپ، انگریزی زبان، اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں مستقبل کے مواقع فراہم کرنے میں مدد کی۔

 تقریب میں  سعودی پروگرام کے نمائندوں اور سرکاری افسران نے شرکت کی( فوٹو ایس پی اے)

سعودی ڈیولپمنٹ اینڈ ری کنسٹرکشن پروگرام برائے یمن کا مقصد  نوجوانوں کو بہتر معیار زندگی حاصل کرنے کی کوششوں میں مدد فراہم کرنا ہے۔
پروگرام کا مقصد مختلف شعبوں میں یمنی صلاحیتوں کی کارکردگی کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ لوگوں کی روزمرہ زندگی کو بہتر بنانا ہے۔
یمن کی تعمیر و ترقی کے لیے قائم سعودی پروگرام یمن کی مختلف کمشنریوں میں 224 منصوبوں پر عملدرآمد کرچکا ہے جن کا تعلق تعلیم، صحت، پانی، توانائی، ٹرانسپورٹ، زراعت اور فشریز نیز سرکاری اداروں کی تعمیر نو سے ہے۔

شیئر: