Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی ٹیسٹ: سرفراز احمد ’پہلے اپنی جگہ کے لیے لڑا، اب پاکستان کے لیے‘

سرفراز احمد نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں مجموعی طور پر 335 رنز بنائے ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کراچی میں کھیلے جانے والا دوسرا ٹیسٹ میچ ایک دلچسپ مقابلے کے بعد بے نتیجہ ختم ہوگیا ہے اور اس کے ساتھ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز بھی ڈرا ہوگئی ہے۔
کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ارینا میں جمعے کو میچ کم لائٹ کی وجہ سے دو اوورز پہلے اس وقت ختم کردیا گیا جب پاکستان کو جیتنے کے لیے 15 رنز اور نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے صرف ایک وکٹ درکار تھی۔
میچ کے آخری سیشن کے شروع میں پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد اور آل راؤنڈر آغا سلمان کی بیٹنگ کے سبب ایسا لگ رہا تھا جیسے پاکستان یہ میچ جیتنے میں کامیاب ہوجائے گا لیکن نیوزی لینڈ کے بولرز نے یکے بعد دیگرے تین وکٹیں حاصل کرکے پاکستان کو شکست کے قریب دھکیل دیا۔
لیکن پاکستان کے آخری دو ٹیل اینڈ بیٹرز ابرار احمد اور نسیم شاہ نے نیوزی لینڈ کے بولرز کا سامنا کیا اور میچ کو ڈرا کردیا۔
میچ کے آخری دن اپنے ٹیسٹ کیریئر کی چوتھی سینچری بنانے والے سرفراز احمد سوشل میڈیا پر موضوع گفتگو رہے۔
سرفراز احمد نے 176 گیندوں پر 118 رنز بناکر پاکستان کو شکست سے بچانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔
انڈین صحافی اویناش آرین نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’اپنی کپتانی کھوئی، ٹیم سے باہر ہوا، ٹیم میٹس کو پانی پلایا۔ لیکن دیگر کھلاڑیوں کی طرح پاکستان یا بورڈ کے خلاف کچھ نہیں بولا۔‘
انہوں نے لکھا ’یہ ہیں سرفراز احمد، کپتان۔‘
پاکستان کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر راشد لطیف نے ایک ٹویٹ میں سرفراز احمد کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ’پہلے اپنی جگہ کے لیے لڑا۔ اب پاکستان کے لیے لڑ رہا ہے۔‘
فرید خان نے ایک ٹویٹ میں لکھا ’سرفراز احمد پاکستان کی ٹیم میں سپن کھیلنے والے سب سے بہترین کھلاڑی ہیں اور ان میں سے ہیں جو سٹرائیک روٹیٹ کر سکتے ہیں۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’وہ 36 سال کے ہونے والے ہیں ان کی وکٹ کیپنگ کی صلاحیتوں کے بارے  میں کچھ کہا نہیں جا سکتا لیکن ان کی اس ٹیم میں بحیثیت بیٹر ضرور جگہ بنتی ہے۔‘
صحافی ثاقب ورک نے ایک ٹویٹ میں لکھا ’سرفراز احمد ہاری ہوئی ٹیم میں ہونے کے مستحق نہیں۔‘
سرفراز احمد کو سیریز میں 335 رنز بنانے پر ’مین آف دا سیریز‘ کا بھی ایوارڈ دیا گیا۔

شیئر: