نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز:حارث رؤف کی واپسی، شاداب خان باہر
جمعرات 5 جنوری 2023 13:42
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ شاداب خان انجری کے باعث سکواڈ میں شامل نہیں (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سیلیکٹر شاہد آفریدی نے نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کھیلنے والے سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔
جمعرات کو چیف سیلیکٹر شاہد آفریدی نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ سکواڈ میں بابر اعظم (کپتان)، حارث رؤف، طیب طاہر، فخر زمان، حارث سہیل، امام الحق، کامران گلام، محمد حسین، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، سلمان علی آغا، شاہ نواز، شان مسعود طیب طاہر اور اسامہ میر شامل ہیں۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ فخر زمان اور حارث سہیل کی جانب سے مکمل فٹنس حاصل کرنے پر انہیں خوشی ہے تاہم شاداب خان اور شاہین شاہ آفریدی کو فٹنس وجوہات کے باعث اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’شاداب خان کی جگہ اسامہ میر کو کھلانے جا رہے ہیں جو آج کل اچھی فارم میں ہیں۔‘
انہوں نے بتایا کہ اسامہ میر بولنگ کے علاوہ اچھی بیٹنگ اور فیلڈنگ بھی کرتے ہیں۔
ٹیم کی سلیکشن کے حوالے سے کسی تنازع کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر شاہد آفریدی نے بتایا کہ اچھی پرفارمنس دکھانے والے کھلاڑیوں کو منتخب کیا گیا ہے۔
خیال رہے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز نو جنوری سے ہو گا۔
پہلا میچ نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا میچ 11 جنوری اور تیسرا 13 جنوری کو اسی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔