ہانیہ عامر کے ’ڈمپلز‘ قدرتی یا سرجری: حقیقت کیا ہے؟
پاکستان کی مشہور ماڈل اور اداکارہ ہانیہ عامر ایک بار پھر سوشل میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔
اس بار ان کے چہرے پر موجود ڈمپلز اور مبینہ کاسمیٹک سرجری سے متعلق گردش کرنے والے دعووں نے آن لائن پلیٹ فارمز پر ایک نئی بحث شروع کر دی ہے۔
واضح رہے کہ چند ماہ قبل ایک ڈرماٹولوجسٹ ڈاکٹر اریج خالد نے دعویٰ کیا تھا کہ ہانیہ عامر نے ڈمپل پلاسٹی کروائی ہے۔ جس کے بعد یہ معاملہ سوشل میڈیا پر خاصا زیرِ بحث رہا۔
اب ہانیہ عامر کی کزن ہونے کا دعویٰ کرنے والی نورین شاد نے فیس بک پر ایک تفصیلی وضاحتی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے ان تمام الزامات کی تردید کی ہے۔
نورین شاد کے مطابق ہانیہ عامر کے ڈمپلز اور گوری رنگت مکمل طور پر قدرتی ہیں اور ان کا کسی بھی قسم کی سرجری یا کاسمیٹک پروسیجر سے کوئی تعلق نہیں۔
نورین شاد نے اپنی پوسٹ میں ہانیہ عامر کی سکول، کالج اور یونیورسٹی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ہانیہ بچپن سے ہی خوبصورت رہی ہیں اور ان کے چہرے پر ’بیبی فیس ہونا بالکل فطری ہے۔‘ انہوں نے لکھا ہے کہ ہانیہ نے 18 سال کی عمر میں فلم ’جانان‘ سے شوبز کی دنیا میں قدم رکھا اور اس وقت وہ فاسٹ یونیورسٹی میں بی بی اے کی طالبہ تھیں۔
کزن کے مطابق گزشتہ دس سال کے دوران عمر میں اضافے کے باعث ہانیہ عامر کے خدوخال اور زیادہ نمایاں ہوئے، جسے غلط فہمی میں کاسمیٹک سرجری سے جوڑا گیا۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اداکارہ’کبھی فیشن ڈیزائنر نہیں رہیں اور ان کی پیدائش کراچی میں ہوئی تھی، نہ کہ راولپنڈی میں۔‘
مزید برآں، نورین شاد نے ہانیہ کی ذاتی زندگی سے متعلق پھیلائی جانے والی افواہوں پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ ابھی تک خاندان کی جانب سے شادی کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔
انہوں نے مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین سے درخواست کی کہ ’براہ کرم بغیر تحقیق کے کسی بھی طرح کی جھوٹی خبروں کو نہ پھیلائیں۔‘