Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دوستوں کی مدد کے لیے جہاز میں بم کی افواہ پھیلانے والا شخص گرفتار

فون کال کے بعد ایئرلائن نے پونے جانے والی فلائٹ کی روانگی روک دی (فوٹو: سپائس جیٹ)
انڈیا میں برٹش ایئرویز کے ٹرینی ٹکٹنگ ایجنٹ کو سپائس جیٹ کی فلائٹ میں بم کی افواہ پھیلانے پر گرفتار کر لیا گیا۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق گذشتہ روز اس افواہ پر مبنی اس فون کال کے بعد ایئرلائن نے پونے جانے والی فلائٹ کی روانگی کو روک دیا اور جہاز کی مکمل تلاشی لی گئی، تاہم حکام کو جہاز میں سے کوئی مشکوک چیز نہ ملی۔
سپائس جیٹ کے ترجمان نے بتایا کہ ’سکیورٹی اہلکاروں نے مکمل تلاشی لی اور کوئی مشکوک چیز نہ ملی۔ فون کال کو ایک افواہ قرار دیا گیا۔‘
دہلی پولیس نے کالر کو ڈھونڈنے کے لیے ایک ٹیم تشکیل دی اور 24 سالہ ابھیناؤ پرکاش کو ڈھونڈ نکالا جو برٹش ایئرویز کے ٹکٹنگ کاؤنٹر پر ایک ٹرینی کے طور پر کام کر رہا تھا۔
گرفتاری کے بعد ابھیناؤ پرکاش نے انکشاف کیا کہ ’انہوں نے یہ کال اس لیے کی تاکہ ان کے دوست اپنی گرل فرینڈز کے ساتھ کچھ وقت گزار سکیں جو پونے جا رہی تھیں۔‘
پولیس کے مطابق ’ملزم کے دوست اپنی خاتون دوستوں کے ساتھ مزید کچھ وقت گزارنا چاہتے تھے اور انہوں نے اسے کوئی راستہ تلاش کرنے کا کہا تاکہ فلائٹ تاخیر سے روانہ ہو۔ اس کے بعد انہوں نے سپائس جیٹ کے کال سینٹر میں کال کر کے بم کی افواہ پھیلائی۔‘
ایئرلائن کے ترجمان نے جمعے کو کہا کہ ’دہلی سے پونے جانے والی فلائٹ کو آئی جی آئی ایئرپورٹ سے ساڑھے چھ بجے روانہ ہونا تھا۔ روانگی سے چند منٹس قبل سپائس جیٹ کے ریزرویشن آفس میں کال موصول ہوئی کہ جہاز میں بم ہے۔‘
’اس وقت فلائٹ میں مسافروں کی بورڈنگ شروع نہیں ہوئی تھی۔ اس کال کے بعد جہاز کو عمارت سے دور لے جایا گیا اور بم کو تلاش کیا گیا۔‘

شیئر: