Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں کنگ عبدالعزیز کوالٹی ایوارڈ کی تقریب کا انعقاد

آپریشنز مینجمنٹ میں عمدہ کارکردگی پر پینل ڈسکشن کا اہتمام کیا جائے گا۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب میں  افراد اور اداروں میں معیار اور اعلیٰ کارکردگی کے کلچر کو فروغ دینے کے لیے دو روزہ فورم منگل سے ریاض میں منعقد ہو رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق کنگ عبدالعزیز کوالٹی ایوارڈ کے زیر اہتمام چھٹا کوالٹی اینڈ ایکسی لینس بیسٹ پریکٹس فورم شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی سرپرستی میں ریاض کے گورنر شہزادہ فیصل بن بندر کی زیرنگرانی ہو رہا ہے۔

خدمات کی کارکردگی بڑھا کر بلاشبہ اہم اور نمایاں کردار ادا کیا جا سکتا ہے۔ فوٹو عرب نیوز

اس اجلاس میں سعودی وژن 2030 کے اصلاحاتی منصوبے، اس کے مقاصد، حصول اور معیارکو اجاگر کیا جائے گا جبکہ کامیاب علاقائی اور بین الاقوامی تجربات پر بھی توجہ مرکوز کی جائے گی۔
اس موقع پر کنگ عبدالعزیز کوالٹی ایوارڈ کے سیکریٹری جنرل سعد القصبی نے کہا ہے کہ کنگ عبدالعزیز کوالٹی ایوارڈ مملکت میں تمام اداروں کی کارکردگی کی سطح بلند کرنے، داخلی عمل کو بہتر بنانے اور کلائنٹس کی توقعات پوری کرنے کے لیے حوصلہ افزائی کرتا ہے۔
سعد القصبی نے مزید بتایا کہ ایسےخصوصی اعزاز سے نوازا جانا ایک ایسا ماحول پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوگا جو مختلف شعبوں کے درمیان مسابقت اور کارکردگی کو فروغ دے اور قومی معیشت کو مزید وسعت دے سکے۔
فورم کے پہلے سیشن میں شیخ خلیفہ ایوارڈ فار ایکسی لینس کے جنرل کوآرڈینیٹر ہادی تیجانی ادارہ جاتی کارکردگی کے حصول میں قیادت کے کردار اور سٹریٹجک منصوبہ بندی کے موضوع  پر فورم کے پہلے سیشن میں شرکت کریں گے۔
فورم کے دوسرے سیشن میں پرنس سلطان ملٹری میڈیکل سٹی، نیشنل انڈسٹریل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ اور سوشل ڈیولپمنٹ بینک کے عہدیداروں کی شرکت کی توقع ہے۔

کوالٹی ایوارڈ اداروں کی کارکردگی بلند کرنے میں حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ فوٹو عرب نیوز

سعودی کانفرنس میں آپریشنز مینجمنٹ میں عمدہ کارکردگی پرایک پینل ڈسکشن کا دوسرے دن اہتمام کیا جائے گا۔ اس پروگرام کی صدارت نائب وزیر صنعت و معدنی وسائل اسامہ الزمل کریں گے۔
کنگ فہد میڈیکل سٹی اور الاحساء کینسر چیریٹی ایسوسی ایشن کی جانب سے دوسرے سیشن میں شرکت کی جائےگی۔
نیشنل سینٹر فار انوائرمینٹل کمپلائنس میں کوالٹی اور آپریشنل ایکسیلنس کے جنرل منیجر حسن السرحان کا اس موقع پر کہنا ہے کہ خدمات کی کارکردگی بڑھا کر زندگی کے بہت سے پہلوؤں کو بہتر بنانے میں ایسے فورم بلاشبہ اہم اور نمایاں کردار ادا کرتے ہیں۔
حسن السرحان نےمزید بتایا ہے کہ کسی بھی سہولت کا معیار اس کے ملازمین کی ذمہ داری ہے اور انٹرپرائز کے کلچر اور مربوط اور موثر نگرانی کے نظام کے ذریعے اس طرح کے اہداف  حاصل کیے جاتے ہیں۔
 
  • خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: