مکہ کے داخلی راستوں پر ’سواھر‘ جلد نصب ہو گا
سوشل میڈیا پر موجود مواد، وڈیوز آڈیوز کا تجزیہ کیا جائے گا (فوٹو: اخبار 24)
سعودی محکمہ امن عامہ کے ڈائریکٹر محمد البسامی نے کہا ہے کہ ’افراد اور گاڑیوں کی شناخت کے لیے مکہ کے تمام داخلی راستوں پر سکیورٹی سسٹم ’سواھر‘ جلد نصب کیا جائے گا۔‘
عکاظ اور ایس پی اے کے مطابق محمد البسامی نے حج و عمرہ ریسرچ فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورس کے دستے مطلوبہ افراد کا پتہ لگانے والے سسٹم سے لیس ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ’سوشل میڈیا پر موجود مواد، ویڈیوز اور آڈیوز کا تجزیہ کیا جائے گا اور انہیں سکیورٹی کمانڈ سسٹم سے مربوط کر دیا جائے گا۔‘
محکمہ امن عامہ کے ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ ’کلنا امن (ہم سب امن کے رکھوالے ہیں) پورٹل کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے تاکہ مکمل ڈیٹا کام میں لایا جا سکے۔‘
ایس پی اے کے مطابق محکمہ پاسپورٹ کے ڈائریکٹر جنرل سلیمان الیحیٰی نے حج و عمرہ و زیارت ریسرچ فورم میں ایک مقالہ پیش کیا ہے۔
انہوں نے سفری ثقافت کے حوالے سے کامیاب تجربات کو اجاگر کیا۔ روٹ ٹو مکہ انشیٹو کی خصوصیات اور اس منصوبے کے فوائدہ پر روشنی ڈالی۔
سلیمان الیحیٰی نے بتایا کہ ’حج سیزن کے دوران روٹ ٹو مکہ انشیٹو سے 13 فیصد عازمین کو فائدہ ہوا ہے۔ کم وقت میں سفری معاملات آسانی سے مکمل ہو گئے۔‘
’ اس کی شروعات ملائیشیا سے کی گئی تھی۔ اب اس سے فائدہ اٹھانے والے ممالک کی تعداد پانچ ہو چکی ہے۔‘