Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نورا فتحی نے مراکش میں گھر خریدنے کے لیے پیسے لیے: سکیش چندرشیکھر

نورا فتحی کو منی لانڈرنگ کے ملزم سکیش چندرشیکھر کے ساتھ جوڑا گیا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
بالی وڈ اداکارہ اور معروف ڈانس گرل نورا فتحی کے الزامات کے جواب میں سکیش چندرشیکھر نے کہا ہے کہ انہوں نے مراکش میں گھر خریدنے کے لیے نورا کو پیسے دیے تھے۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق چندرشیکھر نے جاری بیان میں کہا کہ ’نورا آج کل میرے متعلق بیانات دے رہی ہیں کہ میں نے انہیں گھر دینے کا وعدہ کیا تھا، لیکن مراکش میں اپنی فیملی کے لیے گھر خریدنے کی غرض سے وہ پہلے ہی مجھ سے پیسے لے چکی ہیں۔‘
خیال رہے گزشتہ ہفتے نورا فتحی نے منی لانڈرنگ کے کیس کی سماعت کے دوران عدالت میں بیان دیا کہ سکیش چندرشیکھر نے وعدہ کیا تھا کہ ’اگر وہ ان کی گرل فرینڈ بن جائیں تو وہ انہیں بڑا گھر اور بہترین لائف سٹائل دیں گے۔‘
سکیش چندرشیکھر نے حالیہ بیان میں میزید کہا کہ ’نورا فتحی خود سے کہانیاں گھڑ رہی ہیں تاکہ قانون سے فرار حاصل کر سکیں۔‘
گذشتہ سال نورا فتحی سمیت جیکلین فرنینڈز، نِکی تمبولی اور چاہت کھنہ کا نام فراڈ اور منی لانڈرنگ کے ملزم سکیش چندرشیکھر کے ساتھ جوڑا گیا تھا۔
سکیش چندرشیکھر نے تمام الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’نورا فتحی دعویٰ کر رہی ہیں کہ وہ گاڑی نہیں چاہتی تھیں یا انہوں نے اپنے لیے نہیں لی تھی، یہ ایک بہت بڑا جھوٹ ہے۔‘
’وہ (نورا) میرے پیچھے پڑی ہوئی تھیں کہ انہیں گاڑی بدلنے کی ضرورت ہے کیونکہ ان کے پاس جو سی ایل اے (مرسیڈیز بینز) تھی وہ سستی لگتی تھی۔ تو پھر میں نے اور انہوں نے گاڑی کا انتخاب کیا جو میں نے انہیں خرید کر دی۔‘
سکیش کا کہنا ہے ڈائریکٹوریٹ آف انفورسمنٹ (ای ڈی) کے پاس چیٹ کے سکرین شاٹس موجود ہیں اور گاڑی کے حوالے سے وہ جھوٹ نہیں بتا رہے۔
’بلکہ میں انہیں رینج روور دینا چاہتا تھا لیکن کیونکہ سٹاک میں موجود نہیں تھی اور نورا کو جلدی تھی تو میں نے انہیں بی ایم ڈبلیو سریرز خرید دی جو کافی عرصے تک وہ استعمال بھی کرتی رہیں۔‘

سکیش کے مطابق نورا فتحی اداکارہ جیکلین فرنینڈز سے حسد کرتی تھیں۔ فوٹو: اے ایف پی

سکیش نے مزید کہا کہ چونکہ نورا فتحی انڈین شہری نہیں ہیں تو انہوں نے گاڑی اپنی دوست کے شوہر بوبی کے نام کروانے کو کہا تھا۔
’میرے اور نورا کے درمیان پیسوں کی لین دین کبھی پروفیشنل سطح پر نہیں ہوئی جیسا کہ وہ دعویٰ کر رہی ہیں۔ صرف ایک مرتبہ جب انہوں نے میری فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام تقریب میں شرکت کی تو ان کی ایجنسی کو آفیشل طریقے سے ادائیگی کی گئی تھی۔‘
اس سے قبل سکیش چندرشیکھر نے اپنے وکیل کے ذریعے جاری بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ نورا فتحی بالی وڈ اداکارہ جیکلین فرنینڈز سے حسد کرتی ہیں۔
’نورا فتحی مجھے جیکلین فرنینڈز کے خلاف ورغلاتی رہتی تھیں تاکہ میں نورا کو اپنی گرل فرینڈ بنا لوں۔‘
سکیش چندر شیکھر پر 215 کروڑ انڈین روپے کی منی لانڈرنگ اور فراڈ کا الزام ہے، تاہم  ڈائریکٹوریٹ آف انفورسمنٹ کی جانب سے نورا فتحی پر بھی الزام لگایا گیا تھا کہ انہوں نے سکیش چندرشیکھر سے گاڑیاں، ہیرے اور قیمتی بیگز تحفے میں لیے تھے۔

شیئر: