Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈیجیٹل دستخط کا غلط استعمال قابل سزا جرم

جرم ثابت ہونے پر5 برس قید اور50 لاکھ ریال جرمانہ مقرر ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی پبلک پراسیکیوشن نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل دستخط کا غلط استعمال قابل سزا جرم ہے۔ اس پر پانچ برس قید اور 50 لاکھ ریال تک جرمانے کی سزا مقرر ہے۔ 
سبق ویب سائٹ کے مطابق پبلک پراسیکیوشن کا کہنا ہے کہ عوامی مفادات کے تحفظ کے لیے کسی بھی شکل میں ڈیجیٹل دستخط اور آن لائن کاروبار میں دھوکہ دہی کو جرم قرار دیا گیا ہے۔ اس پر قید اور جرمانے کی سزا ڈیجیٹل دستخط اور آن لائن کاروبار کو تحفظ فراہم کرنے کی غرض سے مقرر کی گئی ہے۔ 
پبلک پراسیکیوشن نے ٹوئٹر کے اپنے اکاؤنٹ پر کہا کہ ’کاغذات کی تصدیق کرنے والا پابند ہے کہ وہ کاغذات سے ملنے والی معلومات متعلقہ شخص کی تحریری یا آن لائن منظوری کے بغیر کہیں بھی استعمال نہ کرے۔ جو شخص اس کی خلاف ورزی کرے گا اسے پانچ برس تک قید اور 50 لاکھ ریال تک جرمانے کی سزا ہو گی۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’خلاف ورزی میں استعمال ہونے والے آلات، سسٹم اور پروگرام ضبط کرلیے جائیں گے جبکہ الزام ثابت ہوجانے پر عدالتی فیصلہ مدعا علیہ کے خرچ پر میڈیا کو جاری کیا جائے گا۔‘

شیئر: