Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

علیزہ سلطان پر تنقید، طلاق یافتہ خواتین کو لوگ خوش نہیں دیکھ سکتے؟

فیروز خان سے علیحدگی کے بعد علیزہ سلطان پر تنقید کی جا رہی ہے۔ فوٹو: انسٹا علیزہ سلطان
اداکار فیروز خان سے علیحدگی کے بعد علیزہ سلطان سوشل میڈیا پر خاصی متحرک نظر آرہی ہیں اور آئے دن کسی نہ کسی برانڈ کے لیے ماڈلنگ کر رہی ہوتی ہیں، اور اسی وجہ سے انہیں سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
حال ہی میں علیزہ سلطان نے انسٹاگرام پر اپنے نئے ہیئر سٹائل کی ویڈیو شیئر کی جس پر بھی سوشل میڈیا صارفین نے انہیں تنقید کانشانہ بنایا۔ بعض افراد کا کہنا تھا کہ لوگ طلاق یافتہ خواتین کو خوش نہیں دیکھ سکتے لیکن حیران کن بات یہ تھی کہ ان پر تنقید کرنے والوں میں زیادہ تعداد خواتین کی ہے۔
اس سے قبل یہی حال فیروز خان کا تھا جب ان کی سابقہ اہلیہ نے اداکار پر گھریلو تشدد کا الزام لگایا تو شوبز شخصیات سمیت سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے فیروز خان کو کئی دنوں تک تنقید کا نشانہ بنایا۔
بعد ازاں فیروز خان نے سابقہ اہلیہ سمیت ساتھی فنکاروں کو قانونی نوٹس بھیجا جس میں مصدق ملک، شرمین عبید چنائے، عاصم اظہر، عثمان خالد بٹ، میرا سیٹھی، منال خان، ایمن خان، سروت گیلانی، یاسر حسین، اور فرحان سعید شامل تھے۔
فیروز خان کے نوٹس کا سامنا کرنے والی اداکارہ ثروت گیلانی نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں کہا کہ سوشل میڈیا پر دوسروں کو تنقید کا نشانہ بنانے والے افراد کو پہلے خود پر نظر ڈالنی چاہیے اور خود پر کنٹرول کرنا سیکھنا چاہیے ،شوبز شخصیات بھی انسان ہیں اور جذبات رکھتے ہیں، نفرت انگیز مہم ان پر اثر ڈالتی ہے۔
ایک طرف معروف یوٹیوبر جوڑی شام ادریس اور ان کی اہلیہ سحر عرف کوئن فروگی نے کچھ عرصے کے لیے علیحدہ رہنے کا فیصلہ کیا ہے تو دوسری طرف ٹک ٹاک سے شہرت کی بلندیوں تک پہنچنے والی جنت مرزا نے عمر بٹ سے منگنی توڑتے ہوئے راہیں جدا کر لی ہیں۔
دوسری طرف جنت مرزا معروف فلمساز سید نور کی فلم ’باجرے دی راکھی‘ سے فلمی دنیا میں قدم بھی رکھ چکی ہیں۔
فلمی دنیا: مائیکل جیکسن پر فلم سے لے کر امراؤ جان نئے انداز میں
پاپ گلوکار مائیکل جیکسن کی زندگی کی کہانی پر مبنی فلم ’مائیکل‘ بنانے کا اعلان ہوا ہے۔
گلوکار مائیکل جیکسن کا کردار ان کے 26 سالہ بھتیجے جعفر جیکسن ادا کریں گے۔
مائیکل جیکسن کی والدہ کا کہنا ہے کہ جعفر میرے بیٹے کی طرح دکھتا ہے، اسے جیکسن کی میراث کو آگے بڑھاتے ہوئے دیکھ کر بہت اچھا لگے گا۔
مائیکل جیکسن کا انتقال تو تقریباً چودہ سال پہلے ہوا تھا لیکن اسی ہفتے ایک اور خبر سامنے آئی کہ آج سے تقریباً چالیس سال پہلے بنائی گئی بلاک بسٹر فلم ’پاکیزہ‘ کا پاکستانی ری میک بنانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
اس حوالے سے پہلے اطلاعات آئیں کہ شہرہ آفاق فلم کے پاکستانی ری میک میں ماہرہ خان ’مینا کماری‘ کا کردار ادا کریں گی۔
لیکن اداکارہ میرا جی نے حال ہی میں ایک انٹرویو دیتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ وہ فلم ’پاکیزہ‘ کے ری میک میں مینا کماری کا مرکزی کردار ادا کرتی نظر آئیں گی اور رواں سال مارچ میں اس فلم کی شوٹنگ کا آغاز کیا جائے گا۔
سنہ 1972 کی اس فلم کو حامد حسین اور محمد یقوب اپنے یو اے ای پروڈکشن ہاؤس کے تحت بنائیں گے جو اس سے قبل مشہور زمانہ ناول امراؤ جان ادا پر 8 اقساط کی سیریز بنانے کا اعلان کر چکے ہیں۔
اس سیریز میں سجل علی مرکزی کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔ اس سے قبل سجل نے جمائمہ گولڈ سمتھ کی فلم میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔

پاکیزہ فلم کے ری میک میں مینا کماری کا کردار شاید ماہرہ خان ادا کریں۔ فوٹو: انسٹا ماہرہ خان

عالمی شہرت یافتہ ڈائریکٹر شیکھرکپور نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ اس فلم میں سجل علی کو کاسٹ کرنے کے لیے انہیں بہت سے لوگوں نے کہا تھا۔
بالی ووڈ ہدایتکار نے انکشاف کیا کہ فلم کا حصہ بننے کے لیے سجل نے اپنے آڈیشنز بھی بھیجے تھے، سجل کی آنکھوں میں بھولا پن اور اداکاری میں درد ہے، وہ جَم کر پرفارمنس دیتی ہیں۔
بالی ووڈ ہدایتکار کے بعد اگر بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی فلم پٹھان کا ذکر نہ کریں تو نا انصافی ہوگی کیونکہ اس فلم نے دنیا بھر میں دھوم مچاتے ہوئے 500 کروڑ سے زائد کا بزنس کرلیا ہے۔
ڈرامہ انڈسٹری: صبا قمر کا نیا ڈرامہ شروع ہونے کو 
پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کو شہرِ ذات، زندگی گلزار ہے، الف،  قائدِ تنہائی، میری ذات زرا بے نشاں جیسے مقبول ترین ڈرامے دینے والی لکھاری عمیرہ احمد کا نیا ڈرامہ 'جنت سے آگے' جلد آنے والا ہے جس کی متوقع کاسٹ میں کبریٰ خان، گوہر رشید، طلحہ چوہدری اور رمشا خان شامل ہیں۔ یہ بھی اطلاعات ہیں کہ اداکارہ صبور علی بھی کاسٹ میں شامل ہوسکتی ہیں۔
معروف اداکار منیب بٹ اور صبا قمر کا نیا ڈرامہ’سرِ راہ‘ آج سنیچر سے شروع ہونے والا ہے جس میں اداکار منیب بٹ ٹرانسجینڈر اسسٹنٹ کمشنر کا کردار ادا کریں گے۔
حال ہی میں اداکار منیب بٹ نے ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے ڈرامے میں اپنے کردارکے حوالے سے بتایا کہ ابتدائی طور پر مجھے ڈرامے میں اس کردار کی پیشکش نہیں ہوئی تھی بلکہ دوسرے کردار کی آفر کی گئی تھی لیکن وہ انہیں پسند نہیں آیا تھا، اسی لیے انہوں نے اس کردار کو کرنے سے معذرت کرلی تھی۔
منیب بٹ نے کہا کہ مجھے ڈرامے میں ٹرانسجینڈر اسسٹنٹ کمشنر کا کردار پسند آیا تھا اور انہوں نے ڈرامے کے ڈائریکٹر سے یہ کردار کرنے کی خواہش کی لیکن انہیں بتایا گیا کہ کسی اور کا انتخاب کیا جا چکا ہے۔
ایک طرف جہاں منیب بٹ نے خوشی سے ٹرانسجینڈر کا کردار قبول کیا وہیں پاکستان کی معروف فیشن ڈیزائنر ماریہ بی نے ڈرامہ سیریل ’کچھ ان کہی‘ میں متنازع فلم جوائے لینڈ کی تشہیر کرنے پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

ڈرامہ سر راہ میں منیب بٹ ٹرانجینڈر کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ فوٹو: منیب بٹ انسٹا

ماریہ بی نے انسٹاگرام سٹوری میں ڈرامے کا ایکاسکرین شارٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ہمارے پاس ایسے ڈرامے بھی ہیں جو جوائے لینڈ / ٹرانسجینڈرز کو عام طور پر فروغ دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا ’ہم بیوقوف نہیں ہیں۔ ہم سب سمجھتے ہیں جاگو پاکستان اور دیکھو نیا ایجنڈا۔ معروف ڈیزائنر کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بچانے کے بجائے ہم اپنا مذہبی تشخص بیچ رہے ہیں۔‘
دیکھا جائے تو گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان میں اس موضوع کو لے کافی بحث ہوئی ہے۔ رواں ہفتے ہی میں اداکارہ یمنیٰ زیدی کا ایک منفرد ڈرامہ بختاور اختتام پذیر ہوا جس میں یمنی زیدی نے ایک ایسی لڑکی کا کردار ادا کیا جو حالت مجبوری میں لڑکوں کا بھیس بدل کر نوکری کرنے پر مجبور تھی۔
ڈرامے میں دکھایا گیا کہ ہمارے معاشرے میں نہ صرف خواتین بلکہ مردوں کو بھی کن مشکلات کا سامنا کرنا پڑ جاتا ہے۔
پاکستانی گلوکارہ کی گریمی ایوارڈز میں پہلی مرتبہ پرفارمنس 
دنیائے موسیقی کے اعلیٰ ترین گریمی ایوارڈز کی تاریخ میں پہلی بار اردو گانا پیش کیا جائے گا جس میں پاکستانی گلوکارہ عروج آفتاب برطانوی موسیقار انوشکا شنکر کے ہمراہ پرفارم کریں گی۔
گریمی ایوارڈز کے لیے پاکستانی گلوکارہ عروج آفتاب مسلسل دوسری بار نامزد ہوئی ہیں۔ انہوں نے اپنے گانے ’محبت‘ کے لیے گریمی ایوارڈز 2022 میں بہترین گلوبل میوزک پرفارمنس کا ایوارڈ جیتا تھا۔
اردو گانے کی بات ہو تو ہندوستان کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

عروج آفتاب گریمی ایوارڈ میں پرفارم کرنے والی پہلی پاکستانی ہیں۔ فوٹو: عروج آفتاب انسٹا

اسی ہفتے یہ خبر بھی سامنے آئی کہ بالی ووڈ گلوکارہ الکا یاگنک نے کوریئن پاپ بینڈ بی ٹی ایس اور ہالی ووڈ گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کو پچھے چھوڑتے ہوئے یوٹیوب پر سب سے زیادہ سٹریم ہونے والی گلوکارہ کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان کی پہلی خاتون ریپر ایوا بی شادی کے بندھن میں بندھ گئی ہیں، انہوں نے میوزیشن مدثر قریشی سے شادی کی ہے۔

شیئر: