Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ترکیہ کے متاثرہ علاقے سے 45 سعودی شہریوں کو نکال لیا گیا، لاپتہ خاتون کی تلاش

سعودی سفارتخانے نے زلزلے کے بعد ورکنگ ٹیم تشکیل دی ہے( فوٹو: عکاظ)
ترکیہ میں سعودی سفارتخانے کے ناظم الامور محمد الحربی نے کہا ہے کہ’ زلزلہ زدہ علاقوں سے 45 سعودی شہریوں کو نکال لیا گیا ہے۔ ایک سعودی خاتون کی تلاش جاری ہے‘۔
’خاتون کے رشتہ داروں نے اطلاع دی ہے کہ وہ زلزلے سے تباہ ہونے والی ایک عمارت میں رہائش پذیر تھی۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ سعودی خاتون تباہ ہونے والی عمارت میں تھی‘۔ 
 سفارتخانے کے ناظم الامور کا کہنا ہے کہ’ ایک سعودی خاتون کے سوا زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں کسی سعودی کے مرنے یا زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں‘۔
محمد الحربی نے بتایا کہ ’زلزلے کے بعد ورکنگ ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔ یہ ٹیم تباہ شدہ عمارت کے قریب موجود ہے۔ مقامی امدادی ٹیم کے ساتھ  مل کر متاثرین کو نکالنے کے عمل میں شامل ہیں۔ سعودی خاتون کی تلاش کا عمل بھی تیز کردیا گیا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’سفارتخانے کی ورکنگ ٹیم ایسے سعودی شہری کے ساتھ کسی بھی وقتی رابطے کے لیے تیار ہے جو زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں کہیں موجود ہو‘۔
انہوں نے اطمینان دلایا کہ ’تمام سعودی شہریوں کو متاثرہ علاقے سے دور محفوظ شہر کے ہوٹل میں ٹہرایا گیا ہے۔ 45 سعودی شہری جدہ یا ریاض کے لیے پروازوں کے منتظر ہیں‘۔
علاوہ ازیں متحدہ عرب امارات نے جنوبی ترکیہ میں زلزلے سے متاثرہ علاقے سے تین شہریوں کا انخلا کیا ہے جو معمولی زخمی ہوئے ہیں۔

شیئر: