Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کے لیے امدادی مہم، 70 ملین ریال جمع 

ایک مخیر شخص نے امدادی مہم میں دس ملین ریال عطیہ کیے ہیں (فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں ترکیہ اور شام  کے زلزلہ زدگان کے لیےعطیات مہم کے دوران چند گھنٹوں میں 70 ملین ریال جمع ہو گئے۔
اخبار 24 کے مطابق شاہ سلمان مرکز نے بدھ کو ریاض میں ساھم پورٹل کے ذریعے عوامی عطیات مہم کا آغاز کیا ہے۔
شاہ سلمان مرکز کے ٹوئٹر اکاونٹ پر بتایا گیا کہ ’ایک مخیر شخص نے امدادی مہم میں 10 ملین ریال عطیہ کیے ہیں۔‘
’دو لاکھ 18 ہزار افراد نے اب تک مہم کے دوران عطیات جمع کرائے ہیں۔‘
 شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایت پر سعودی امدادی ایجنسی نے عوامی عطیات مہم شروع کی ہے۔
یہ مہم شاہ سلمان مرکز نے’ساھم‘ پلیٹ فارم سے شروع کی گئی ہے۔ کئی سعودی ایجنسیوں اور وزارتوں کے تعاون سے ترکیہ اور شام میں متاثرین کی مدد کی جائے گی۔
شاہ سلمان مرکز براـئے امداد و انسانی  خدمات کے سربراہ ڈاکٹرعبداللہ الربیعہ نے بتایا کہ ’امدادی مہم کے دوران کئی منصوبوں پر عمل کیا جائے گا۔‘
’ریسکیو اور طبی ٹیمیں بھیجی جائیں گی تاکہ متاثرین کی مدد کی جا سکے۔ کھانے پینے کی اشیا، دوائیں، طبی سامان اور خیمے وغیرہ براہ راست بھیجے جائیں گے۔‘
جائزہ ٹیمیں زلزلہ زدہ علاقے کے متاثرین کی ضروریات کے حوالے سے جو رپورٹ پیش کریں گی اسی کے تناظر میں امدادی سامان بھیجا جائے گا۔ 

شیئر: