Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین ریاست مدھیہ پردیش میں چرچ نذر آتش، شرپسند دیوار پر ’رام‘ لکھ گئے

شرپسندوں نے فرنیچر کے ساتھ مذہبی اوراق بھی جلائے۔ (فوٹو: این ڈی ٹی وی)
انڈیا کی ریاست مدھیہ پردیش میں نا معلوم افراد نے ایک چرچ کو آگ لگا دی اور بھاگنے سے قبل دیواروں پر ’رام‘ لکھ گئے۔
انڈین چینل ’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق پولیس نے پیر کو صحافیوں کو بتایا کہ مدھیہ پردیش کے علاقے نرماداپورم میں نامعلوم افراد کے ایک گروہ نے کرسچنوں کی عبادت گاہ کو جلانے کے بعد وہاں دیواروں پر اپنے بھگوان کا نام لکھ دیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ علاقہ مکین جب چرچ کے اندر پہنچے تو وہاں کی دیواریں دھویں سے سیاہ ہو چکی تھیں، فرنیچر جلا ہوا تھا اور دیوار پر ’رام‘ لکھا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ چرچ تقریباً پانچ سال پہلے تعمیر کیا گیا تھا اور شرپسند عناصر عمارت میں کھڑکی پر لگی جالی کاٹ کر اندر داخل ہوئے۔
پولیس کے پاس درج کروائی گئی شکایت میں کہا گیا ہے کہ شرپسندوں نے فرنیچر کے ساتھ مذہبی اوراق بھی جلائے۔
پیر کو ہی مذہبی جھگڑے کا ایک واقعہ مدھیہ پردیش کے علاقے کھنڈوا میں بھی پیش آیا جہاں ایک ہندو گروہ کی جانب سے ایک مسلمان شخص کے گھر کی چھت پر ہنومان کی مورتی لگانے کی کوشش کی گئی۔
’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق یہ واقعہ دو گروہوں کے درمیان تصادم کی شکل اختیار کر گیا اور پولیس کو لوگوں کو منتشر کرنے کے لیے طاقت کا استعمال کرنا پڑا۔
اس واقعے میں پتھراؤ سے چار پولیس والے بھی زخمی ہوئے۔ پولیس نے اس واقعے کی ایف آئی آر کاٹ کر پانچ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

شیئر: