Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا: دو سنہرے دانتوں نے 15 برس مفرور رہنے والا ملزم پکڑوا دیا

تحقیقات کے بعد پتا چلا کہ وہ رقم چوری نہیں ہوئی تھی بلکہ پراوِن اشوبا نے اپنے پاس رکھ لی تھی (فوٹو: اے این آٗٓئی)
انڈیا کے شہر ممبئی میں پولیس نے ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا ہے جو 15 برس تک شناخت بدل کر غائب رہا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق 38 سالہ پراوِن اشوبا جدیجا کو سنیچر کے روز گرفتار کیا گیا۔
پراوِن اشوبا جدیجا مالی گھپلے میں مطلوب تھا اور وہ خود کو لائف انشورنس کارپوریشن آف انڈیا (ایل آئی سی) کا ایجنٹ ظاہر کر رہا تھا۔
پراوِن اشوبا کو پولیس نے ان کے سونے کے بنے ہوئے دو دانتوں کی مدد سے پہچان کر گرفتار کیا۔
مذکورہ ملزم ایک کپڑے کے سٹور پر بطور سیلز مین کام کرتا تھا جہاں اس نے 2007 میں مالک کے 40 ہزار انڈین روپے کا غبن کیا تھا۔
اس کے بعد گرفتاری سے بچنے کے لیے ملزم پراوِن اشوبا اپنی شناخت بدل کر انڈیا کی ریاست گجرات چلا گیا تھا۔
پولیس نے مطابق اس کی پہچان تین ناموں سے ہوئی، پراوِن اشوبا جدیجا، پراوِن سنگھ اور پرادیپ سنگھ کے نام سے ہوئی۔
بیان کے مطابق ’اس شخص پر دھوکہ دہی اور پولیس کو چکمہ دینے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ اس نے گرفتاری کے چند دن بعد ضمانت حاصل کر لی تھی۔‘
’ضمانت پر رہائی کے بعد پراوِن اشوبا دوبارہ عدالت میں پیش ہونے کی بجائے ممبئی سے فرار ہو گیا۔ پھر عدالت نے اسے مفرور قرار دے دیا۔

گرفتاری سے بچنے کے لیے ملزم پراوِن اشوبا اپنی شناخت بدل کر انڈیا کی ریاست گجرات چلا گیا تھا (فائل فوٹو: اے ایف پی)

ممبئی پولیس کے ایک آفیسر کے مطابق ’پراوِن اشوبا 2007 میں ایک کپڑوں کی دکان میں سیلز مین کی نوکری کرتا تھا۔ اس کے مالک نے انہیں ایک اور تاجر سے 40 ہزار انڈین روپے وصول کرنے بھیجا تو اس نے وہ رقم مالک تک پہنچانے کے بجائے یہ کہا کہ وہ رقم چوری ہو گئی ہے۔‘
’ملزم نے یہ بتایا کہ رقم سے بھرا ہوا تھیلا ٹوائیلٹ سے چوری ہو گیا ہے۔‘
بعدازاں تحقیقات کے بعد پتا چلا کہ وہ رقم چوری نہیں ہوئی تھی بلکہ پراوِن اشوبا نے اپنے پاس رکھ لی تھی۔
عدالت سے مفرور قرار دیے جانے کے بعد ملزم کی گرفتاری سے متعلق تفصیل بتاتے ہوئے ممبئی پولیس نے بتایا کہ ’چند دن قبل پولیس نے دوبارہ اس کی تلاش شروع کی۔ اس دوران پراوِن اشوبا کے پرانے ساتھیوں سے بھی پوچھ گچھ کی گئی۔‘
’اس کے بعد یہ بات پتا چلی کہ پراوِن گجرات کے ضلع کَچھ کے ایک گاؤں سبھرائی میں چھپا ہوا ہے۔ پھر پولیس نے لائف انشورنس ایجنٹس کا بھیس بدل کر پراوِن کو ممبئی بلایا اور اسے پہچان کر گرفتار کر لیا۔‘

شیئر: