Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل 8 کی افتتاحی تقریب، ملتان سٹیڈیم روشنیوں سے جگما اٹھا

اس سال پی ایس ایل کا گانا شے گل، فارس شفیع اور عاصم اظہر نے گایا ہے۔ (فوٹو: پی ایس ایل/ٹوئٹر)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن کی رنگارنگ تقریب ملتان سٹیڈیم میں منعقد ہوئی۔
پیر کو ملتان انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے میچ سے قبل کرکٹ شائقین کو لائٹنگ کے شاندار مظاہرے اور میوزیکل شو سے محظوظ کیا گیا۔
تقریب میں پرفارم کرنے والے گلوکاروں میں ساحر علی بگا، آئمہ بیگ شے گل، فارس شفیع اور عاصم اظہرشامل 
خیال رہے اس سال پی ایس ایل کا گانا شے گل، فارس شفیع اور عاصم اظہر نے گایا ہے۔
افتتاحی تقریب میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ دبئی سے پی ایس ایل کا سفر شروع ہوا تھا جو اب ملتان پہنچ چکا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے اگلے ایڈیشنز میں پشاور اور کوئٹہ کے سٹیڈیمز میں بھی میچوں کا انعقاد کیا جائے گا۔
تقریب کے احتتام پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔ 
گراؤنڈ سے شیئر کی جانے والی تصاویر اور ویڈیوز میں شائقین کی ایک بڑی تعداد میوزیکل شو کو انجوائے کرتی ہوئی نظر آئی۔
سوشل میڈیا پر کرکٹ شائقین کی جانب سے پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب پر تبصروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
تقریب کے دوران تمام پی ایس ایل ٹورنامنٹس کے گانوں کو جوڑ کر ایک ریمکس گراؤنڈ میں چلایا گیا جسے صارفین کی جانب سے پسند کیا جا رہا ہے۔
کچھ صارفین ایسے بھی تھے جو گلوکاروں کی پرفارمنس سے زیادہ گراؤنڈ میں ہونے والی آتش بازی سے محظوظ ہوئے۔
سیٹھ عبداللہ نامی صارف نے لکھا کہ ’آئمہ بیگ نے ہمارے قومی ترانے کی خوبصورتی کو تباہ کر دیا۔‘
دوسری جانب شے گل اور عاصم اظہر کی پرفارمنس کو سوشل میڈیا پر سراہا جارہا ہے۔
بہرام قاضی نامی صارف نے لکھا کہ ’شے گل ملکہ ہیں اور اس کے علاوہ میں کچھ نہیں سنوں گا۔‘
پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں سیزن میں کون فاتح ہوگا، اس کے لیے شائقین کرکٹ کو 19 مارچ تک انتظار کرنا پڑے گا۔

شیئر: