بلدیہ کی تفتیشی مہم ، 90 خوانچہ فروش گرفتار
جمعرات 16 فروری 2023 19:13
مشترکہ تفتیشی ٹیم میں سیکیورٹی ادارے کے اہلکاربھی شامل تھے(فوٹو، ٹوئٹر)
مشرقی ریجن کی میونسپلٹی نے الجبیل کمشنری کے مرکزی علاقے میں وسیع پیمانے پر خوانچہ فروشوں کے خلاف کارروائی کی۔
الوئام ویب کے مطابق الشرقیہ میونسپلٹی کے انسپکٹرز نے90 خوانچہ فروشوں کو گرفتارکیا جبکہ 145 ریڑھیاں بھی ضبط کرلی گئیں۔
تفتیشی آپریشن میں بلدیہ کے اہلکاروں کے ساتھ سیکیورٹی ادارے بھی مشترکہ ٹیم میں شامل تھے۔
میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ چھاپہ مہم کے دوران 5 ٹن سبزیاں، پھل اورغذائی اشیا ضبط کی گئیں۔ پھل اورسبزیاں لانے والی 20 گاڑیاں بھی پکڑی گئیں۔ خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے کیے گئے۔
میونسپلٹی نے متنبہ کیا ہے کہ صحت عامہ کی کوئی خلاف ورزی برداشت نہیں ہوگی۔ تمام دکانوں اورخوانچہ فروشوں پرمسلسل نظر رکھی جارہی ہے کسی بھی شخص کو فٹ پاتھ اور کھلے میدان میں عارضی دکانیں لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
مقامی شہریوں اورمقیم غیرملکیوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ شہر کو بدنما مناظر سے بچانے کے لیے میونسپلٹی سے تعاون کریں اور عارضی دکانیں یا ریڑھی والوں کے بارے میں پہلی فرصت میں 940 پرمطلع کریں۔