مشرقی ریجن میں بلدیہ کا سرچ آپریشن
جمعرات 29 دسمبر 2022 19:06
غیرمعیاری مرغیوں کا گوشت اورتیل ضبط کیا گیا(فوٹو، ٹوئٹر)
مملکت کے مشرقی ریجن میں میونسپلٹی کی ٹیموں کی جانب سے سرچ آپریشن جاری ہے۔ مغربی دمام میں تجارتی اورغذائی اداروں پرتفتیشی مہم کے دوران متعدد خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں۔ دوران تفتیش مرغیوں کا 410 کلو گرام گوشت، 920 لیٹرتیل اورزائد المیعاد غذائی اشیا ضبط کرلیں۔ یہ غذائی سامان غیر قانونی طریقے سے گاڑیوں کے ذریعے منتقل کیا جارہا تھا۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق الشرقیہ میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ غذائی اشیا منتقل کرنے والی گاڑیوں کی تلاشی سے یہ بات سامنے آئی کہ کھانے پینے کا سامان نامناسب طریقے سے لےجایا جارہا تھا جبکہ غذائی اشیا کی پیکنگ کےضوابط کی پابندی بھی نہیں کی گئی تھی۔ حفظان صحت کے تمام ضوابط نظرانداز کیے جارہے تھے۔
الشرقیہ میونسپلٹی نے بتایا کہ ضبط شدہ غذائی اشیا تلف کرانے کی کارروائی کی جارہی ہے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کو قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اس حوالے سے قانونی عمل شروع کردیا گیا۔