Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ یونیورسٹی میں فورم کا ڈیٹا سائنسز کی اہمیت پر زور

شرکا نے ڈیٹا میں سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت کی اہمیت اجاگر کی( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب میں جدہ یونیورسٹی آف بزنس اینڈ ٹیکنالوجی میں ’ شماریات اور کاروبار کا مستقبل‘ کے عنوان سے چھٹا سعودی ایسوسی ایشن فار سٹیٹسٹیکل سائنسز فورم منعقد ہوا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ماہرین تعلیم، طلبہ اور ڈیٹا تجزیہ کے شعبے میں محققین کے ایک گروپ نے اس فورم میں حصہ لیا۔
ماہرین نے فورم میں اعداد و شمار اور ڈیٹا سائنسز پر توجہ دینے کی اہمیت پر زور دیا کیونکہ تیز رفتار تکنیکی ترقی ڈیٹا کی بڑھتی ہوئی دستیابی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
پروفیشنل ایسوسی ایشن آف سٹیٹسٹیشین اینڈ ڈیٹا سائنٹسٹس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین فیصل الشرابی نے کہا کہ ’ ڈیٹا اور شماریات کے شعبے بہت روشن اور مثبت مستقبل کے منتظر ہیں۔ آٹومیشن کے عمل، مصنوعی ذہانت کی ایپلی کیشنز اور انٹرنیٹ آف تھنگز ڈیٹا پر مبنی ہیں خاص اس لیے اس میں سرمایہ کاری کا مطلب ڈیٹا پر مبنی مستقبل میں سرمایہ کاری کرنا ہے‘۔
جدہ یونیورسٹی آف بزنس اینڈ ٹیکنالوجی کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے چیئرمین عبداللہ دحلان نے ڈیٹا میں سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت پر زور دیا جبکہ سعودی ایسوسی ایشن فار سٹیٹسٹیکل سائنسز کے صدر ابراہیم المنجاہی نے کہا کہ اس جیسے فورمز شماریاتی علم اور تحقیق کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
فورم نے تعلیمی اور سرکاری اعداد و شمار، ڈیٹا کی روشنی میں کاروبار کا مستقبل اور سوشل میڈیا میں شماریات کے اطلاق پر توجہ مرکوز کی۔
سائنسی کورسز اور شماریات اور اعداد و شمار پر ایک ورکشاپ فورم کے اطراف میں منعقد کی گئی جس کی نگرانی پروفیشنل ایسوسی ایشن آف سٹیٹسٹیشینس اینڈ ڈیٹا سائنٹسٹس نے کی۔

شیئر: