Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی ڈرامہ فجیرہ انٹرنیشنل مونو ڈرامہ فیسٹیول کے لیے منتخب

لاہور کے تھیٹر آرٹسٹ حسن رضا نے 65 منٹ کے اس ڈرامے کو ایک ہی کردار میں پیش کیا ہے (فوٹو: فاس فاؤنڈیشن)
ایک ہی کردار پر مشتمل ڈرامہ ’کنگ آف نتھنگ‘ متحدہ عرب امارات کے 10 ویں فجیرہ انٹرنیشنل مونو ڈرامہ فیسٹول 2023 میں پیش کیا جائے گا۔
ایک ہی کردار پر مشتمل ڈرامے کی قدیم زمانے سے ایک طویل تاریخ ہے لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں تھیٹر کی اِس صنف کو تھیٹر کے بڑے بڑے لوگ زیادہ تلاش نہیں کرتے۔
حالیہ دنوں میں ماس فاؤنڈیشن نے سوچ کو ابھارنے والے ایک ہی کردار پر مشتمل ڈرامے کے ذریعے اس صنف کو عوام کے سامنے پیش کیا جسے بھرپور پذیرائی مِلی۔ 
اس ڈرامے کو ماس فاؤنڈیشن کے آرٹسٹک ڈائریکٹر عامر نواز نے لکھا اور اس کی ہدایتکاری کے فرائض بھی انجام دیے.
لاہور کے تھیٹر آرٹسٹ حسن رضا نے 65 منٹ کے اس ڈرامے کو ایک ہی کردار میں پیش کیا تھا۔
اِس بار ماس فاؤنڈیشن کو متحدہ عرب امارات کی حکومت نے فجیرہ میں دسویں فجیرہ انٹرنیشنل مونو ڈرامہ فیسٹیول 2023 میں اس ڈرامے کو پرفارم کرنے کے لیے مدعو کیا ہے۔
یہ ڈرامہ جمعرات 23 فروری کو شام پانچ بجے فجیرہ ثقافتی مرکز میں پیش کیا جائے گا۔
اِس بین الاقوامی ثقافتی میلے میں میکسیکو، سوڈان ، آرمینیا، بحرین، عراق، فرانس، متحدہ عرب امارات، لبنان اور مراکش کی ٹیمیں بھی اپنے ڈرامے پیش کریں گی۔
عامر نواز نے بتایا کہ اتنے بڑے بین الاقوامی ثقافتی میلے میں پاکستان کی نمائندگی کرنا ماس فاؤنڈیشن کے لیے اعزاز کی بات ہے۔
ماس فاؤنڈیشن چین، جنوبی کوریا، انڈیا، ترکمانستان اور سری لنکا سمیت متعدد بین الاقوامی تھیٹر فیسٹیولز میں مختلف ڈرامے پیش کر چُکی ہے۔
عامر نواز کے مطابق یہ ڈرامہ ایک ایسے آدمی کے احساس کا سفر ہے جو اُسے بہت دیر سے آیا ہے کیونکہ وہ اپنے پیچھے اپنی زندگی کے مختلف مراحل اور رشتوں کو دیکھتا ہے جو اُس نے اپنی زہریلی مردانگی کی وجہ سے کھو دیے تھے۔
اس یک کردار ڈرامے کی کوریو گرافی گلشن مجید نے کی ہے جبکہ میوزک عمران نواز نے ڈیزائن کیا ہے۔
تھیم سانگ کو جرمنی کے معروف میوزک کمپوزر جیمز ڈگلس نے ڈیزائن اور کمپوز کیا تھا۔

شیئر: