Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’نابلس پر اسرائیلی جارحیت بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی‘

دفتر خارجہ نے اسرائیلی  جارحانہ اقدام کی مذمت اور برہمی کا اظہار کیا ہے(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب نے فلسطینی شہر نابلس پر اسرائیلی افواج کی جارحانہ کارروائی کی شدید مذمت کی ہے۔
سرکاری خبررساں ایس پی اے کے مطابق سعودی دفتر خارجہ نے ایک بیان میں نابلس شہر پر اسرائیلی  جارحانہ اقدام کی سخت مذمت اور اس پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
یاد رہے کہ اسرائیل کی جارحانہ کارروائی کے دوران متعدد فلسطینی ہلاک و زخمی ہوگئے ہیں۔
دفتر خارجہ نے بیان میں کہا کہ سعودی عرب اسرائیلی افواج کے اقدامات کو پوری طرح سے مسترد کرتا ہے۔ اسے یقین ہے کہ یہ بین الاقوامی قانون کی  کھلی خلاف ورزی ہے۔
سعودی عرب عالمی برادری سے پرزور مطالبہ  کرتا ہے کہ وہ غاصبانہ قبضہ ختم کرانے، جارحیت میں شدت بند کرانے اور فلسطینی شہریوں کو درکار تحفظ فراہم کرانے کے سلسلے میں اپنی ذمہ داری ادا کرے۔
دفتر خارجہ نے طرابلس پر کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والوں کے اعزہ، فلسطینی حکومت و عوام سے دلی رنج و ملال اور دکھ درد کا اظہار کیا جبکہ زخمیوں کی فوری شفا کی آرزو ظاہر کی ہے۔

شیئر: