شاہ سلمان مرکز کی پاکستان میں موسم سرما کی امدادی مہم مکمل
شاہ سلمان مرکز کی پاکستان میں موسم سرما کی امدادی مہم مکمل
جمعرات 5 مارچ 2026 9:08
سامان سردی سے متاثرہ 28 اضلاع میں تقسیم کیا گیا (فوٹو: شاہ سلمان مرکز)
پاکستان میں کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی وسیع پیمانے پر موسمِ سرما امدادی مہم کی کامیاب تکمیل
شاہ سلمان امدادی مرکز نے موسم سرما سے متعلق وسیع پیمانے پر چلائی گئی امدادی مہم کو کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا ہے۔
جمعرات کو کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق اس سالانہ مہم کے تحت شاہ سلمان امدادی مرکز نے پاکستان میں 22 ہزار ونٹر کٹس تقسیم کیں اور ان کے ذریعے ملک بھر میں مستحق طبقات کو شدید سردی کے دوران ریلیف فراہم کیا گیا۔
انسانی ہمدری کے اس منصوبے کے تحت 28 سرد ترین اور برف باری سے متاثر اضلاع میں یہ کٹس تقسیم کی گئیں۔
ان میں خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر، نیز پنجاب اور سندھ کے وہ منتخب علاقے شامل تھے جہاں درجہ حرارت غیر معمولی حد تک کم رہا۔
بیان میں بتایا گیا کہ ہر وِنٹر کٹ میں پولی ایسٹر کی دو رضائیاں، دو مردانہ اور زنانہ گرم شالیں اور بچوں کے گرم ملبوسات شامل تھے۔ اس سامان کی بدولت ان علاقوں کے رہائشیوں کو سردی سے بچنے میں مدد ملی۔
مہم سے ایک لاکھ 51 ہزار دو سو 36 سے زائد افراد مستفید ہوئے (فوٹو: شاہ سلمان مرکز)
منصوبے کی شفافیت اور اس پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے اس کو کئی اداروں کے قریبی تعاون سے مکمل کیا گیا جن میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، محکمہ ریلیف، بحالی و آباد کاری خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، مقامی انتطامیہ اور حیات فاؤنڈیشن شامل ہیں۔
اس مشترکہ کاوش کے نتیجے میں ایک لاکھ 51 ہزار دو سو 36 سے زائد افراد مستفید ہوئے، شاہ سلمان امدادی مرکز کے اس عزم کو طاہر کرتا ہے جو وہ پاکستان میں مستحق افراد کی مدد کے ضمن میں رکھتا ہے۔