Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات کا متاثرہ یوکرینی بچوں کےلیے 40 لاکھ ڈالر دینے کا اعلان

یوکرینی صدر کی اہلیہ کانفرنس میں شرکت کے لیے ابوظبی میں موجود ہیں ( فوٹو: وام)
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید سے منگل کو یوکرینی صدر کی اہلیہ اولینا زیلسنسکا جو فاونڈیشن آف چیرٹیبل آرگنائزیشن کی چیئر پرسن بھی ہیں نے قصر البحر میں ملاقات کی ہے۔
یوکرینی صدر کی اہلیہ سات سے دس مارچ تک ہونے والی فوربس کانفرنس میں شرکت کے لیے  ابوظبی میں موجود ہیں۔
امارات کی سرکاری نیوز ایجنسی’ وام‘ کے مطابق اماراتی صدر سے ملاقات میں اولینا زیلسنسکا نے عام شہریوں اور خصوصا بچوں پر یوکرینی بحران کے منفی اثرات سے آگاہ کیا ہے۔
اماراتی صدر نے بحران سے متاثرہ بچوں کی نگہداشت کےلیے چالیس لاکھ ڈالر فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ یہ رقم 100 یتیم بچوں کے لیے دس عمارتوں کی تعمیر میں لگائی جائے گی۔
شیخ محمد بن زاید نے کہا کہ’ امارات عام شہریوں خصوصا بچوں پر یوکرین  بحران کے منفی اثرات سے باہر نکالنے کے لیے کی جانے والی ہر کوشش کے ساتھ ہے۔ اس حوالے سے جو بھی علاقائی یا عالمی کوشش ہوگی اس میں موثر کردار ادا کریں گے‘۔
یوکرینی صدر کیاہلیہ نے بحران کے آغاز سے اب تک انسانیت نواز کردار اور امارات کی جانب سے یوکرین کے پناہ گزینوں کو دی جانے والی امداد پر شکریہ ادا کیا۔
اولینا زیلسنسکا امارات میں مقیم یوکرین کی کمیونٹی سے بھی ملاقات کریں گی۔
اس موقع پر امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان اور وزیر ماحولیات بھی موجود تھیں۔

شیئر: